’امریکہ اور یورپ کے بعد اب ہم اس ملک پر بڑا حملہ کریں گے‘ داعش کے اعلان نے دنیا میں کھلبلی مچادی
دمشق(مانیٹرنگ ڈیسک) شام و عراق میں برسرپیکار شدت پسند تنظیم داعش کی طرف سے مغربی ممالک کے بعد اب روس کو بھی سنگین دھمکی دے دی گئی ہے۔ شدت پسند تنظیم کی طرف سے یوٹیوب پر 9منٹ دورانیے کی ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ”سنو پیوٹن! ہم روس آئیں گے اور تمہارے گھر میں گھس کر تمہیں قتل کریں گے۔“ویڈیو میں داعش کے شدت پسندوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ”ائے ہمارے بھائیو! روس میں جہاد کرو، ان سے لڑو اور انہیں قتل کرو۔“عالمی خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ویڈیو میں یہ پیغام داعش کا ایک شدت پسند دیتا ہے جس نے چہرے پر ماسک پہن رکھا ہے۔یہ ویڈیو ایک گاڑی میں کسی صحرائی علاقے میں سفر کے دوران بنائی گئی ہے۔
اس کے علاوہ ویڈیو میں مسلح شدت پسندوں کو صحرا میں دوسری حفاظتی گاڑیوں اور خیموں پر حملے کرتے اور وہاں سے اسلحہ اٹھاتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے۔ویڈیو کے نیچے چلنے والی تحریر میں بتایا گیا ہے کہ یہ خیمے دراصل فوجی بیرک ہے جو عراقی شہر اکشت(Akashat)کے جنوب میں انٹرنیشنل روڈ پر واقع ہے۔رپورٹ کے مطابق آزاد ذرائع سے اس ویڈیو کی تصدیق نہیں ہو سکی تاہم اس ویڈیو کا لنک شدت پسند تنظیم کے ٹیلی گرام میسیجنگ اکاﺅنٹ سے بھی شیئر کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ داعش شام کی جنگ میں شامل ہونے کی پاداش میں فرانس و دیگر یورپی ممالک میں بھی حملے کر رہی ہے۔ اس سے قبل وہ روسی مسافر طیارہ گرانے کی ذمہ داری بھی قبول کر چکی ہے۔