6 سالہ بچی سے شادی، بوڑھے دولہے نے ایسی منطق دے دی کہ سن کر کوئی بھی چکرا جائے
کابل(مانیٹرنگ ڈیسک) افغانستان کے ایک 65سالہ’عالم دین‘ نے 6سال کی بچی سے شادی کر لی اورگرفتار ہونے پر ایسی بات کہہ دی کہ دنیا میں ہنگامہ برپا ہو گیا۔برطانوی اخبار دی انڈیپنڈنٹ کی رپورٹ کے مطابق محمد کریم نامی اس عالم نے گرفتاری کے بعد افسران کو بتایا کہ ”بچی کے والدین نے اپنی بیٹی مذہبی نذرانے کے طور پر مجھے دی تھی۔“دوسری طرف بچی کے والدین کا کہنا ہے کہ ”ہماری بیٹی کو اغواءکیا گیا تھا اور اس شادی میں ہماری مرضی شامل نہیں تھی۔“ کم سن بچی کے ساتھ عمررسیدہ شخص کی شادی کا یہ واقعہ افغانستان کے صوبہ ہرات میں پیش آیا۔ محمد کریم اس وقت وسطی صوبے غور کے حکام کی حراست میں ہے جو اس واقعے کی تحقیقات کررہے ہیں۔
صوبہ غور کے محکمہ برائے امور خواتین کے سربراہ معصوم انوری کا کہنا ہے کہ ”بچی کچھ نہیں بولتی۔ بس ایک ہی فقرہ کہتی ہے کہ مجھے اس آدمی (محمد کریم)سے ڈر لگتا ہے۔“افغانستان میں لڑکیوں کے لیے شادی کی عمر کی قانونی حد 16سال جبکہ لڑکوں کے لیے 18سال مقرر کی گئی ہے۔تاہم ملک میں کم عمری کی شادیاں عام روایت کی طرح آج بھی کی جا رہی ہیں۔ بالخصوص دیہی علاقوں میں یہ صورتحال انتہائی گھمبیر ہے۔ افغانی وزارت برائے پبلک ہیلتھ ریسرچ کے اعدادوشمار کے مطابق ملک کی 25سے 49سال کی 53فیصد خواتین کی شادی 18سال سے کم عمر میں ہوئی۔