بچہ پیدا ہوتے ہی نوجوان خاتون اندھی ہوگئی، ایسا کیوں ہوا؟ جان کر آپ کی آنکھوں میں بھی آنسو آجائیں گے
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) اولاد یقینا بہت بڑی نعمت ہے مگر اس ماں پر کیا گزرے گی جو اولاد کو جنم دیتے ہی اندھی ہو جائے اور اپنے بچے کو دیکھ ہی نہ سکے۔ ایسی ہی بدقسمتی اس برطانوی خاتون کامقدر بن گئی۔ برطانوی اخبار ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق 28سالہ سارہ ہوکنگ کے پیٹ میں بچہ تھا اور وہ برین ٹیومر کا شکار بھی تھی۔ ڈاکٹروں نے بچے کی وجہ سے اس کا برین ٹیومر کا آپریشن ملتوی کیے رکھا۔ بچے کی پیدائش کے روز ڈاکٹروں نے اس کا ٹیومر کا آپریشن بھی کردیا جو 7گھنٹے طویل تھا۔ آپریشن کے بعد ڈاکٹروں نے اس کے چہرے پر ماسک پہنا دیا جو 9دن بعد اتارا گیا۔ 9دن بعد بچہ اس کی گود میں تھا جب ماسک اترا مگر اس انکشاف پر سارہ کی دنیا ہی اجڑ گئی کہ آپریشن کے باعث اس کی بینائی جاتی رہی تھی۔ ماسک اترنے کے بعد اسے کچھ بھی نظر نہیں آ رہا تھا۔
رپورٹ کے مطابق سارہ کو انتہائی معمولی نظر آتا ہے، اس قدر کم کہ وہ اپنی گود میں موجود اپنے بچے کو بھی نہیں دیکھ سکتی۔ آج سارہ کے ساتھ اس واقعے کو ایک سال گزر گیا ہے۔ اس نے اپنے بیٹے کی پہلی سالگرہ پر ایک بلاگ لکھا ہے جس میں اس کا کہنا ہے کہ ”مجھے آج بھی ہر وہ گفتگو یاد ہے جو ان 9دنوں میں میرے پاس کی گئی، ہر وہ شخص مجھے یاد ہے جو مجھے ہسپتال میں ملنے آیا۔ مجھے اپنی خوشی کے وہ لمحات بھی یاد ہیں جب میرے چہرے پر ماسک تھا اور میں نے پہلی بار اپنے بیٹے کو گود میں اٹھایا۔ میں اب بھی راتوں کو جاگ کر دیر تک اپنے بیٹے کو سوتے ہوئے دیکھنا چاہتی ہوں لیکن میں صرف اس کی دلفریب ہنسی اور کلکاریاں سن سکتی ہوں۔“