سینئر مسلم لیگی رہنما کی رحلت
سینئر مسلم لیگی رہنما، سابق وفاقی وزیر چودھری انور علی چیمہ 81 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔ انہیں دل کا دورہ پڑا، جو جان لیوا ثابت ہوا۔ مرحوم کو گزشتہ روز سرگودھا میں ان کے آبائی گاؤں چک 35 ایس بی میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ چودھری انور علی چیمہ نے بھرپور سیاسی زندگی گزاری۔ 1974ء میں انہوں نے بلدیاتی ادارے کے چیئرمین کی حیثیت سے سیاسی زندگی کا آغاز کیا۔ انہوں نے 1985ء میں غیر جماعتی الیکشن میں حصہ لیا اور قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔ وہ موجودہ وزیراعظم نواز شریف کے قریبی ساتھیوں میں شمار کئے جاتے رہے، انہیں وفاقی وزیر بھی بنایا گیا۔ سرگودھا کی سیاست میں ان کے کردار کو ہمیشہ اہمیت حاصل رہی۔ تاہم مشرف دور میں وہ چودھری برادران کے ساتھ مل گئے۔ انہیں مسلسل سات مرتبہ قومی اسمبلی کا رکن منتخب ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہوا۔ تاہم جب انہوں نے میاں نواز شریف کا ساتھ چھوڑا تو مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ڈاکٹر ذوالفقار بھٹی نے 2013ء کے الیکشن میں انہیں شکست دی۔ سرگودھا کی سیاسی تاریخ میں انہیں تعمیر و ترقی کے حوالے سے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے شاندار خدمات انجام دیں۔