ایک سال کے دوران پاکستان میں چینی سرمایہ کاری کا حجم دوگنا ہوگیا
اسلام آباد( آن لائن ) ایک سال کے دوران پاکستان میں چینی سرمایہ کاری کا حجم دوگنا ہوگیا۔ زیادہ تر سرمایہ کاری توانائی کے شعبے میں ہورہی ہے۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں چینی سرمایہ کاری کا حجم 131 فیصد بڑھ گیا۔ سال 2015 کے دوران چین نے پاکستان میں 25 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی۔سال 2016 کے دوران یہ حجم 59 کروڑ 40 لاکھ ڈالر ہوگیا۔ توانائی کے شعبہ میں بیرونی سرمایہ کاری بھی 150 فیصد بڑھ چکی ہے۔اس سے قبل جاری کیے جانے والے اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں 5 فیصد اضافہ ہوا۔غیر ملکی سرمایہ کاری کا حجم ایک ارب ڈالر سے زائد رہا۔ جولائی تا اپریل غیر ملکی سرمایہ کاری کا حجم ایک ارب ایک کروڑ 63 لاکھ ڈالر رہا۔ان 10 ماہ کے دوران آنے والی غیر ملکی سرمایہ کاری میں سے نصف چین کی جانب سے ہوئی جبکہ دیگر ممالک سے آنے والی سرمایہ کاری میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ سعودی عرب، جرمنی اور مصر نے پاکستان سے اپنا سرمایہ نکال لیا۔