نیلم جہلم ٹرانسمیشن لائن پر کام کی رفتار تیزکردی گئی
لاہور (کامرس رپورٹر) نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی لمیٹڈ (این ٹی ڈی سی ( نے 145کلومیٹر طویل 500کے وی نیلم جہلم ڈبل سرکٹ ٹرانسمیشن لائن پر کام کی رفتار تیز کردی ۔ حکومت پاکستان کیلئے قومی اہمیت کا حامل یہ منصوبہ 969میگا واٹ نیلم جہلم ہائیڈرو پارو پلانٹ سے بجلی کی ترسیل کیلئے آزاد جموں کشمیر کے دشوار گزار اور مشکل پہاڑی علاقوں میں تعمیر کیا جارہا ہے۔ اس ٹرانسمیشن لائن کی تعمیر ہائیڈرو پاور پلانٹ کی کمیشننگ سے پہلے مکمل کرلی جائے گی۔منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی ڈاکٹر فیاض احمد چودھری اور جنرل مینجر جی ایس سی وجاہت سعید رانا نے مذکورہ ٹرانسمیشن لائن کے تعمیری کام کا جائزہ لینے کیلئے مظفر آباد کے نزدیک مختلف سائٹس کا دورہ کیا۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر ای ایچ وی منظور احمد نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ٹرانسمیشن لائن کے تعمیری کام کو تین لاٹس (لاٹI،لاٹ IIاور لاٹ III) میں تقسیم کیا گیا اور مجموعی طور پر 68فیصد کام مکمل کرلیا گیا ہے جس میں ڈیزائن کے مطابق راستے کی کلیئرنس (Right of Way)، فاؤنڈیشنز، ایریکشن اور سٹرنگنگ (ٹاورز پر تاریں ڈالنے کا عمل)جیسے بڑے کام شامل ہیں ۔
پراجیکٹ ڈائریکٹرنے مزید بتایا کہ ٹرانسمیشن لائن کے راستہ(Right of Way)کے مسائل تعمیری کام کو متاثر کررہے ہیں ۔ جس پر منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی نے ضلع باغ میں منہاسہ ، دھیر کوٹ کے مقام پر انتظامیہ ، اسسٹنٹ کمشنر، ایس ایچ او ، تحصیلدار اور مقامی نمائندگان سےِ ان مسائل کے حل کیلئے ملاقات کی۔ اسسٹنٹ کمشنر نے این ٹی ڈی سی انتظامیہ کو مکمل تعاون کی یقین دہائی کروائی جس کے نتیجے میں لاٹ - Iکے ٹاور نمبر37پر ایک ہفتے سے رُکا کام دوبارہ شروع کردیا۔ ایم ڈی این ٹی ڈی سی نے نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پلانٹ کا دورہ بھی کیا۔ منیجنگ ڈائریکٹر اور ان کی ٹیم نے کنٹریکٹر اور کنسلٹنٹ انجینئرز سے بھی ملاقات کی اور انہیں کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایات دیں۔ انہوں نے روزانہ ، ہفتہ اور مہینہ کی بنیادوں پر پراگریس رپورٹس بھی طلب کرلیں ۔انہوں نے این ٹی ڈی سی انجینئرز کو منصوبے کی بروقت تکمیل کیلئے باقاعدگی سے مانیٹرنگ کی ہدایات کیں ۔ڈاکٹر فیاض احمد چودھری نے کہا کہ این ٹی ڈی سی وزارت پانی و بجلی کی ہدایات کے مطابق اپنے تمام منصوبے بروقت مکمل کرنے کیلئے پرعزم ہے اور حکومت پاکستان کی ملک سے لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے کاوشوں میں مکمل طور پر ہم آہنگ ہے ۔ نیلم جہلم ٹرانسمیشن لائن کے تعمیراتی کام کا مزید جائزہ لینے کیلئے یکم اگست 2016کو این ٹی ڈی سی ہیڈ کوارٹرز میں تمام سٹیک ہولڈرز کی میٹنگ منعقد ہوگی۔