وفاقی کابینہ میں توسیع کا فیصلہ معیشت پر مزید بوجھ ثابت ہوگا،طاہر صدیق
لاہور( جنرل رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے مرکزی ایڈیشنل جنرل سیکرٹری میاں طاہر صدیق نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ میں توسیع کا فیصلہ ملکی معیشت پر مزید بوجھ ثابت ہوگا۔حکومت کو چاہیے تھا کہ کابینہ کے اراکین کی تعداد میں کمی کرتی تاکہ سرکاری خزانے پر کم بوجھ پڑتا کابینہ کو وسعت دینے سے ملکی حالات ٹھیک نہیں ہوں گے بلکہ اس کے لیے حکومت کو ایماندار اور محنتی اراکین اپنی کابینہ میں شامل کرنے چاہیے جتنی زیادہ کابینہ بڑی ہوگی اس کے اخراجات بھی اسی لحاظ سے زیادہ ہوں گے ۔ انکا کہنا تھا کہ حکومت وفاقی کابینہ کے اراکین پر ہونے والے اخراجات کی تفصیلات بھی عوام کے سامنے پیش کرے تاکہ قوم کو حقائق معلوم ہو سکیں کہ یہ حکمران کس بے دردی سے ملک کا پیسہ لٹار ہے ہیں مسلم لیگ( ن) کو چاہیے کہ وہ سرکاری اخراجات میں فوری کمی کرے اور بچنے والی رقم سے ادویات خرید کر ہسپتالوں کو دی جائے تاکہ غریب مریضوں کو فری علاج کی سہولت میسر ہوسکے ۔