کرپٹ سیاسی ٹولہ جمہوریت کے لیے سب سے بڑا خطر ہ بن چکا ،ولید اقبال
لاہور (نمائندہ خصوصی ) پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی پولیٹیکل کمیٹی کے رکن ولید اقبال نے کہا ہے کہ کرپٹ سیاسی ٹولہ جمہوریت کے لیے سب سے بڑا خطر ہ بن چکا ہے جب تک طاقتور قانون کے تابع نہیں ہوگا اس وقت تک انصاف پر مبنی معاشرہ قائم نہیں ہوسکتا اور برائی کا خاتمہ ممکن نہیں ہوگا، پاکستانی عوام نے جمہوریت کے نام پر کئی مرتبہ دھوکے کھائے ہیں اور اب وقت آگیا ہے کہ انہیں کرپٹ اشرافیہ یا حقیقی جمہوریت میں سے کسی ایک کا انتخاب کر ناہوگا ۔ گزشتہ روز اپنے دفتر میں ملاقات کے لیے آنے والے کارکنوں کے مختلف وفو د سے گفتگو کرتے ہوئے ولید اقبا ل نے کہا کہ حکمران پانامہ لیکس سے آنکھیں چرانے کی کوشش کر رہے ہیں مگر قوم کرپشن کے خلاف اٹھ کھڑی ہوگئی ہے اور کرپٹ حکمرانوں کا فوری احتساب چاہتی ہے ، تحریک انصاف نے کرپشن کو جڑ سے اکھاڑ کر پھینکنے کا بیڑا اٹھایا ہوا ہے اور جب تک ہم اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہوجاتے اس وقت تک ہم اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے چاہے اس کے لیے ہمیں کوئی بھی قربانی دینی پڑے ہم دریغ نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ کرپشن اور جھوٹ حکمرانوں کی پہچان بن چکے ہیں منفی اورجھوٹ کی سیاست نے ملک کو شدید نقصان پہنچایا ہے حکمران ملکی مفادات کی بجائے ذاتی مفادات کو ترجیح دے رہے ہیں یہ جمہوریت کو نہیں بلکہ اپنی کرپشن کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں ، تحریک انصاف کی 7اگست کو کرپشن کے خلاف تحریک احتساب کی تحریک حکمرانوں کے اقتدار کے ایوانوں کو ہلا کر رکھ دے گی اور فتح حق ،سچ اور عوام کی ہوگی ۔