لاہور میں فلم انڈسٹری اور ڈرامہ انڈسٹری اپنا مقام کھو چکی ،فیصل قریشی
لاہور ( فلم رپورٹر) سینئر اداکارفیصل قریشی نے کہا ہے کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ کراچی میں نجی پروڈکشن اداروں نے بے شمار اداکاروں کو متعارف کروایا مگر یہ بات بھی اپنی جگہ پر تلخ حقیقت ہے کہ ہم پچھلے تیس سالوں سے اپنے سینئرز کا کوئی متبادل تلاش نہیں کر سکے ۔ انہوں نے کہا کہ کبھی کبھی مجھے اس بات کا افسوس ہوتا ہے کہ لاہور فلم انڈسٹری کی طرح ڈرامہ انڈسٹری میں بھی اپنا مقام کھو چکی ہے ۔ میری دلی خواہش ہے کہ لاہور سے دوبارہ ایسے ڈرامے پیش کئے جائیں جن کی مثالیں آج بھی بھارت کی پونا یونیورسٹی میں دی جاتی ہیں ۔ ایک سوال کے جواب میں فیصل قریشی نے کہا کہ فلم انڈسٹری کے زوال کا سبب آپ کے سامنے ہے اور لاہور کی ڈرامہ انڈسٹری کے زوال کا سبب آپ کو خود ڈھونڈکو اس کا تدارک کرنا ہو گا ۔ کراچی میں بے شمار فلمیں بنائی جا رہی ہیں اور اس کے ساتھ درجنوں ڈرامہ سیریل تکمیل کے مراحل میں ہیں اور کراچی اس وقت حقیقی معائنوں میں شوبز کا گڑھ بن چکا ہے ۔