پنجاب حکومت نے شو آف ہینڈ کے ذریعے انتخابات کرانے سے متعلق لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ترامیم واپس لے لی
لاہور(نامہ نگار خصوصی )پنجاب حکومت نے ضلع کونسلوں کے انتخابات خفیہ رائے شماری سے کرانے کا قانون بحال کر دیاہے اورحکومت نے شو آف ہینڈ کے ذریعے انتخابات کرانے سے متعلق لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ترامیم واپس لے لی ہیں۔اس سلسلے میں لاہور ہائی کورٹ کے مسٹر جسٹس شاہد وحید کی عدالت میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کی طرف سے نوٹیفکیشن پیش کردیا گیا ، پنجاب کی اپوزیشن جماعتوں نے خفیہ رائے شماری کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ میں پیش کئے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب حکومت نے لوکل گورنمنٹ ایکٹ کی دفعہ 13، 13 اور 15میں کی گئی ترامیم کر کے منسوخ کردی ہیں، اب صوبے بھر میں ضلع کونسلوں کے انتخابات خفیہ رائے شماری سے ہی ہوں گے ، میئر، ڈپٹی میئر اور لارڈ میئر کے انتخابات خفیہ رائے شماری سے ہوں گے ، تحریک انصاف، پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ق اور عوامی تحریک کی جانب سے دائر کردہ درخواستوں میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ضلعی کونسلوں کی تشکیل کے لئے خفیہ رائے شماری کراناآئین کا تقاضا ہے، حکومت پنجاب نے اپنے من پسند امیدواروں کو جتوانے کے لئے لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں شو آف ہینڈ کی ترمیم کردی ہے، آئین کے تحت کسی آزاد امیدوار کو کسی سیاسی جماعت میں شامل ہونے کے لئے مجبور نہیں کیا جاسکتا اور انتخابات کا شیڈول جاری ہونے کے بعد قوانین میں ردو بدل نہیں کیا جا سکتا، چیئرمین ضلع کونسل اوراور وائس چیئرمین کے انتخاب کے لئے خفیہ رائے شماری نہ کرانا آئین کے منافی ہے، عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ پنجاب لوکل گورنمنٹ ترمیمی آرڈیننس میں شو آف ہینڈ کی کی جانے والی ترمیم کو کالعدم قرار دیا جائے، لاہور ہائیکورٹ میں بلدیاتی عہدیداروں کے انتخاب کے طریقہ کار کے خلاف متعدد درخواستیں زیرسماعت ہیں جن کی شنوائی کل 3اگست کو ہوگی ۔
ترامیم واپس