رینجرز اختیارات کا معاملہ خوش اسلوبی سے حل ہوگیا ،مولا بخش چانڈیو
کراچی(اسٹاف رپورٹر)صوبائی مشیر اطلاعات و آرکائیوزسندھ مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ رینجرز کو خصوصی اختیارات دینے کا معاملہ خوش اسلوبی سے حل کردیا گیا ہے جس سے صوبہ سندھ میں امن و امان کی صورتحا ل میں مزید بہتری آئے گی ۔ ان کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد رینجرز کو خصوصی اختیارات دے دئے ہیں جس سے امن و امان قائم ہونے کے بعد کاروباری اور سماجی سرگرمیاں فروغ پائیں گی حکومت سندھ صوبے میں امن و امان کے قیام کے لئے پر عزم ہے جو کہ صوبہ کی ترقی و خوشحالی کے لئے اشد ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کو صوبہ سندھ کی طرف مثبت رویہ اختیار کرنا چاہئے اور صوبائی حکومت پر دباؤ ڈالنے سے گریز کرنا چاہئے، حکومت سندھ عوام کی فلاح و بہبود کے لئے اپنے تمام معاملات آئین و قانون کے تحت چلا رہی ہے ، صوبہ سندھ میں قیام امن کے لئے سندھ حکومت کے کئے گئے اقدامات سے تاجر برادری اور سول سوسائیٹی کے تمام طبقے مطمئن ہیں ۔ اس لئے سندھ میں جمہوری عمل میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ نہ ڈالی جائے۔ مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ سندھ کابینہ میں تبدیلی کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے ۔ اقتصادی اور ترقیاتی شعبوں سمیت زندگی کے تمام شعبوں میں بہتری آئے گی جس سے معاشرے کے مختلف طبقات کو فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی متحرک قیادت میں صوبہ سے غربت کے خاتمہ کے لئے پر عزم ہے۔ عوام کو روٹی کپڑا اور مکان فراہم کرنے کے ساتھ پائیدار امن اور مضبوط معیشت کے لئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کا نیا وزیر اعلیٰ تھر کے ریگستان کو سرسبز ، کراچی کو صاف ستھرا اور پر امن دیکھنا چاہتا ہے۔ جس کو بہت جلد عوام کے تعاون اور نئی سندھ کابینہ کی صلاحیتوں سے پورا کیا جائے گا۔ صوبہ سندھ میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی صحت اور تعلیم کے منصوبوں کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے گا تاکہ عوا م کو حقیقی فائدہ پہنچ سکے۔ صوبائی مشیر اطلاعات نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور کو چیئر مین آصف علی زرداری سندھ کو جدید ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے خوشحال بنانا چاہتے ہیں اور نئے وزیر اعلیٰ سندھ ان خوابوں کو جلد ہی حقیقت کا روپ دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ نئے وزیر اعلیٰ سندھ نے امن ، تعلیم اور صحت کو ترجیحات میں شامل کیا ہے جس کی عوامی سطح پر بڑی پذیرائی ہوئی ہے۔ مولا بخش چانڈیو نے سندھ کے دیہات اور شہروں میں 16گھنٹے کی طویل لوڈ شیڈنگ پر وفاقی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس عمل سے تجارتی سرگرمیاں متاثر ہونے کے ساتھ سماجی زندگی بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے، سندھ کے لوگ طویل لوڈ شیڈنگ میں نیند کے بغیر راتیں گذارنے پر مجبور ہیں ۔ صوبائی مشیر نے مزید کہا کہ نئی سندھ کابینہ عوام کے مسائل حل کرنے کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہے اس لئے وفاقی حکومت ان کے کام میں کوئی رکاوٹ نہ ڈالے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نیا وزیر اعلیٰ سندھ امن و امان سمیت تمام عوامی مسائل ترجیحات پر حل کریں گے کیونکہ وہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے وژن پر عمل کرتے ہوئے آئین ، قانون اور پارٹی پالیسیوں پر مکمل عمل در آمد کا جذبہ رکھتے ہیں۔ مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ صوبائی کابینہ میں تبدیلی سے عوام کو بنیادی خدمات فراہم کرنے والے ادارے مضبوط ہوں گے جس سے عوام سکھ کا سانس لیں گے۔