پشاور میں فائرنگ سے حساس ادارے کے انسپکٹر سمیت 2افراد جاں بحق
پشاور( آن لائن ) پشاور میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے حساس ادارے کے انسپکٹر کو قتل کر دیا جب کہ گولی لگنے سے راہگیر محنت کش لڑکا بھی جاں بحق ہوگیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پشاور میں وزیر باغ کے علاقے پیردست بدست روڈ پر نامعلوم افراد نے حساس ادارے کے افسر انسپکٹرعثمان گل پر فائرنگ کی جو اپنے گھر سے ڈیوٹی کے لئے جا رہے تھے، گولیاں لگنے سے انسپکٹر عثمان گل اور 15 سالہ راہگیر لڑکا شدید زخمی ہو گیا جنہیں فوری طور پر لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیا گیا جہاں دوران علاج دونوں دم توڑ گئے۔فائرنگ سے جاں بحق ہوانے والے انسپکٹرعثمان گل دیرکالونی میں رہائش پذیرتھے جب کہ 15 سالہ نوجوان کی شناخت افتخار احمد کے نام سے ہوئی جو کام کے لئے گھر سے شعبہ بازار میں مکینک کی دکان پر جا رہا تھا۔