کرپٹ سسٹم کے خاتمہ تک چین سے نہیں بیٹھیں گے،شاہ محمود قریشی
ورجینیا (آئی این پی) تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عمران خان کے بارے میں امریکی تحفظات کو دور کرنے کے لیئے انہوں نے امریکی ایوان نمائندگان اور اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے اعلٰی عہدیداران سے ملاقاتیں کیں ، ان ملاقاتوں میں حوصلہ افزاء پیش رفت ہوئی ہے اور آنے والے دنوں میں ہم کرپٹ نواز حکومت کو مزید ٹف ٹائم دینگے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک کرپٹ سسٹم کا خاتمہ نہیں ہوتا ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔وہ ورجینیا کے مقامی ریسٹورنٹ میں پارٹی ورکروں سے خطاب کررہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ امریکی اعلٰی حکام کو بتایا ہے کہ تحریک انصاف جمہوریت پر یقین رکھتی ہے اور اس پارٹی کے چیئرمین عمران خان جمہوری سوچ کے حامل ہیں۔ عمران خان کا سیاست میں آنا پاکستان میں موروثیت کا خاتمہ کرنا اور حقیقی جمہوریت لانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے عہدیداران نے بھی ان سے تحریک انصاف کے منشور اور ایجنڈے کے بارے میں سوالات کیے جن کا بڑے مدلل اور ٹھوس ثبوت کے ساتھ جواب دیا۔