ڈیمو کریٹک کنونشن کے بعد ہیلری مقبولیت میں ٹرمپ سے آگے
واشنگٹن (بیورو رپورٹ) ’’سی بی ایس نیوز‘‘ ٹیلی ویژن کے تازہ پول کے مطابق جو ڈیمو کریٹک قومی کنونشن کے بعد حاصل کئے گئے ہیں نامزد صدارتی امیدوار ہیلری کلنٹن مقبولیت میں اپنے ری پبلکن حریف ڈونلڈ ٹرمپ سے سات فیصد آگے بڑھ گئی ہیں۔ ہیلری کے حامی 46 فیصد اور ٹرمپ کے حامی 39 فیصد ہیں۔ انتخابی مبصرین توقع کر رہے تھے کہ ڈیمو کریٹک پارٹی کی قومی کنونشن اگر کامیاب رہی اور انہوں نے اپنی پالیسیوں کو زیادہ واضح طور پر پیش کرکے عوامی تائید حاصل کرلی تو ان کی مقبولیت میں اضافہ ہوگا ڈیمو کریٹک پارٹی کے حامیوں کی شرح کنونشن سے قبل 42 فیصد تھی۔ ڈونلڈ ٹرمپ کی مقبولیت میں بھی ری پبلکن کنونشن کے بعد دو فیصد اضافہ ہوا تھا۔ ’’سی بی ایس نیوز‘‘ کا کہنا ہے کہ قومی کنونشن کے بعد ہیلری کی حمایت کی شرح میں اضافہ صدر اوبامہ کی طرح ہے جو انہیں 2008ء اور 2012ء میں حاصل ہوا تھا البتہ بل کلنٹن کو 1992ء میں کنونشن کے بعد تیرہ فیصد اضافہ حاصل ہوا تھا۔