ٹرمپ جذبات سے عاری سیاہ روح کا مالک ہے،خضر جان
(اظہر زمان، بیوروچیف) ڈیمو کریٹک قومی کنونشن میں اپنے خطاب کے ذریعے شہرت حاصل کرنے والے پاکستانی امریکن خضر خاں نے ڈونلڈ ٹرمپ پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ جذبات سے عاری ’’سیاہ روح‘‘ کا مالک ہے۔ ’’سی این این‘‘ ٹی وی کے اتوار کی شام نشر ہونے والے ایک پروگرام ’’سٹیٹ آف یونین‘‘ میں بحث میں حصہ لیتے ہوئے انہوں نے یہ بیان دیا۔ وہ امریکی فوج کے کیپٹن ہمایوں خان کے والد ہیں جو 2004ء میں عراق میں دشمن کے ایک حملے میں جاں بحق ہوگئے تھے۔ خضر خان نے ڈیمو کریٹک کنونشن میں خطاب کے دوران امریکی آئین کی کاپی دکھاتے ہوئے ٹرمپ کی مسلم مخالف پالیسیوں کے حوالے سے بتایا تھا کہ امریکہ کی سب سے بڑی آئینی دستاویز کسی مذہبی امتیاز کے بغیر تمام امریکی شہریوں کو برابر کے حقوق کی ضمانت دیتی ہے۔ اس لئے وہ ان حقوق کو سلب کرنے کی بات کرکے آئین کی خلاف ورزی کے مرتکب ہو رہے ہیں۔ اس خطاب کے بعد خضر خان امریکی میڈیا اور سیاست دانوں کی توجہ کا مرکز بن گئے ہیں اور ان کی سوچ کے ساتھ مسلسل یکجہتی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔خضر خان نے ’’سی این این‘‘ کے پروگرام میں مزید بتایا کہ امید ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی فیملی اسے ہمدردانہ جذبات کا سبق پڑھائے گی کیونکہ موجودہ حالت میں وہ ملک کی قیادت سنبھالنے کیلئے پوری طرح نااہل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریپبلکن پارٹی کا نامزد صدارتی امیدوار امریکی شہریوں میں انتشار پیدا کر رہا ہے اور پورے عدالتی نظام، تارکین وطن اور خصوصاً مسلمان تارکین وطن کی توہین کا مرتکب ہو رہا ہے۔ خضر خان نے ایوان نمائندگان کے سپیکر پال رائن اور سینیٹ کے اکثریتی لیڈر مچ میکانل سے اپیل کی کہ وہ ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت سے دستبردار ہو جائیں کیونکہ یہ اخلاقی تقاضا ہے ورنہ انہیں تاریخ کبھی معاف نہیں کرے گی۔ ری پبلکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے ان دونوں لیڈروں نے اتوار کی شام خضر خان کے جذبات کو سراہا اور واضح کیا کہ وہ مسلمانوں پر عارضی پابندی لگانے کے ٹرمپ کے بیان سے متفق نہیں ہیں اور وہ ایسے کسی امتیازی اقدام کی سخت مخالفت کریں گے۔ ان دونوں لیڈروں نے کیپٹن ہمایوں خان کی امریکی قوم کیلئے قربانی کو قابل قدر قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ یقیناً امریکی ہیرو تھے۔ اس دوران ری پبلکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے انڈیانا ریاست کے گورنر مائیک پنس نے جو پہلے اس موضوع پر بات نہیں کرتے تھے، پہلی مرتبہ ایک بیان جاری کیا ہے، کیپٹن ہمایوں خان امریکی ہیرو تھے اور وہ پوری خان فیملی کی قومی خدمات اور ان کے حب الوطنی پر مبنی جذبات کی پوری قدر کرتے ہیں۔
خضر جان