قومی اسمبلی ، ترک حکومت سے یکجہتی اور کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشتگردی کیخلاف قرار داد منظور

قومی اسمبلی ، ترک حکومت سے یکجہتی اور کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشتگردی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(آئی این پی)قومی اسمبلی میں ترکی کی جمہوری حکومت کے ساتھ یکجہتی کے اظہار اور کشمیر میں بھارتی ریاستی جبر اور دہشت گردی کے خلاف متفقہ طور پر قرارداد منظور کی گئی ، قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ کشمیر میں جاری بھارتی ظلم و جبر انسانی حقوق کے منافی ہے ، عالمی قوانین اس ظلم کی قطعی اجازت نہیں دیتے کہ وہ نہتے اور پر امن کشمیریوں پر آگ و خون برسائیں ، کشمیر کے مسئلے کو کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق اور اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے ، آزادی کی اس جنگ میں پاکستان کی حکومت اور عوام کشمیر کے بہادر لوگوں کے ساتھ کھڑے ہیں ، کشمیر میں پر امن مظاہرین پرپیلٹ گن کے استعمال پر عالمی برادری اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کو نوٹس لینا چاہیے جس کے نتیجے میں ہزاروں افراد زخمی ہوئے ہیں ۔ پیر کو ایوان زیریں میں کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی بھرپور حمایت کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی ۔ قرارداد وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف زاہد حامد نے پیش کی ۔ قرارداد میں اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے یہ مطالبہ کیا گیا کہ وہ کشمیریوں کو ان کا بنیادی اور جائز حق آزادی دلانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں ۔دوسری قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ ترکی کی حکومت اور عوام نے مل کر نیم فوجی بغاوت کو ناکام بنایا جس پر وہ خراج تحسین کے مستحق ہیں ، ترکی کی بہادر عوام نے جرات اور بہادری کا مظاہرہ کیا اور ملک میں جمہوریت کے قیام کے لئے اہم کردار ادا کیا اور اپنا جمہوری حق استعمال کرتے ہوئے بغاوت کو ناکام بنایا ۔ پیر کو قومی اسمبلی میں متفقہ طور پر ترکی میں جمہوریت کے حق میں قرارداد منظور کی گئی ۔ قرارداد وفاقی وزیر قانون زاہد حامد نے پیش کی ۔ قرارداد میں کہا گیا کہ ترکی کی حکومت اور عوام نے مل کر نیم فوجی بغاوت کو ناکام بنایا جس پر وہ خراج تحسین کے مستحق ہیں ، ترکی بہادر عوام جنہوں نے جرات اور بہادری کا مظاہرہ کیا اور ملک میں جمہوریت کے قیام کے لئے اہم کردار ادا کیا اور اپنا جمہوری حق استعمال کرتے ہوئے بغاوت کو ناکام بنایا ۔

قومی اسمبلی

مزید :

صفحہ اول -