ڈوڈگ اور مارسیلو میلو کی راجرز کپ مینز ڈبلز ایونٹ میں فتح
مونٹریال(اے پی پی) کروشیا کے آئیوان ڈوڈگ اور برازیل کے مارسیلو میلو نے راجرز کپ ٹینس ٹورنامنٹ کا مینز ڈبلز ایونٹ جیت لیا۔ انہوں نے فائنل میں برطانیہ کے جمی مرے اور برازیل کے برنو ساریز کو بآسانی شکست دیکر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق مونٹریال میں جاری راجرز کپ کے مینز ڈبلز مقابلوں کے فائنل میں کروشیا کے آئیوان ڈوڈگ اور برازیل کے مارسیلو میلو نے انتہائی شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے برطانیہ کے جمی مرے اور برازیل کے برنو ساریز کو سٹریٹ سیٹس میں 6-4 اور 6-4 سے ہرا کر ٹورنامنٹ جیت لیا۔ اس سے قبل پہلے سیمی فائنل میں برطانیہ کی جمی مرے اور برازیل کے برنو ساریز نے کینیڈا کے ڈینیئل نیسٹر اور ویسک پوسپلز کو سخت مقابلے کے بعد 6-4 ، 6-7 اور 10-7 سے ہرا کر فائنل تک رسائی حاصل کی تھی جبکہ ایونٹ کے دوسرے سیمی فائنل میں کروشیا کے آئیوان ڈوڈگ اور برازیل کے مارسیلو میلو نے رومانیہ کے فلورن مریگا اور ہوریا ٹیکو کو 6-4 اور 6-3 سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا تھا۔