ملزم ندیم عرف بابے کے تفتیش کے دوران سنسنی خیز انکشافات
کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی میں گرفتار سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے ملزم ندیم عرف بابے نے تفتیش کے دوران سنسنی خیز انکشافات کیے ہیں۔ملزم نے تفتیش کے دوران سیاسی مخالت کی بنا پر دس افراد کے قتل اعتراف کیاہے۔تفصیلات کے مطابق ندیم عرف بابے اورنگی ٹاؤن میں خوف کی علامت سمجھا جاتا تھا، الطاف نگر کے علاقے سے گرفتار ہوا اور جب پولیس کے ہتھے چڑھا تو طاقت کا سارا نشہ ہرن ہوگیا ملزم نے اپنے جرائم کی داستان فرفر سنادی ۔پولیس ذرائع کے مطابق سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے ملزم ندیم عرف بابے نے ابتدائی تفتیش میں سیاسی مخالفت کی بنا پر دس سے زائد افراد کے قتل کا اعتراف کیاہے۔ ملزم نے بتایا کہ اس نے 2011 میں گلشن بہار میں جمشید نامی شخص کا قتل کیا۔ 2012 میں اورنگی ٹاؤن کے علاقے میں 4 ساتھیوں کے ساتھ مل کر شاہد ، ہارون ، سیکٹر 16 میں عبدالرزاق جبکہ ایک اور واردات میں عبدالبشر کا قتل کیا۔ 2013 میں ملزم نے اورنگی ٹاؤن میں ثروت ، امان اللہ ، محمد اکبر، محمد اطہر اور عاکف الرحمان کا خون کیا ۔ تفتیشی ذرائع کے مطابق ملزم کی گرفتاری پر 5 لاکھ کاانعام مقرر تھا ندیم عرف بابے کے متعدد ساتھی گرفتار ہو چکے ہیں اور دیگر کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں ۔