وزیراعلیٰ سندھ کا صبح 9 بجے سندھ سیکریٹریٹ کا دورہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ آج صبح9بجے سندھ سیکریٹریٹ پر قائم اپنے دفتر پہنچے تو ایڈیشنل چیف سیکریٹری(ترقیات) محمد وسیم اور سیکریٹری (جی اے) ساجد جمال ابڑو نے ان کا استقبال کیا۔ چیف سیکریٹری سندھ محمد صدیق میمن اور سیکریٹری سرورسز عثمان چاچڑ ایک مقدمے کے سلسلے میں سپریم کورٹ گئے ہوئے تھے نے بعدازاں انہیں جوائن کیا۔نیو سندھ سیکریٹریٹ میں ایم پی اے اور سینئر پی پی پی لیڈر منظور وسان نے بھی وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات کی اور ان سے مختلف باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔سینیٹر رحمان ملک نے بھی سی ایم سیکریٹریٹ میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ملاقات کی اور سید مراد علی شاہ کو وزیراعلیٰ سندھ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے اپنے پرنسپل سیکریٹری علم الدین بلو کو ہدایت کی کہ وہ ان کے گاڑیوں کے پروٹوکول میں 50فیصد تک کمی کردیں۔انہوں نے کہا کہ میں غیر ضروری پروٹوکول اور نمود ونمائش میں یقین نہیں رکھتا ہوں۔ انہوں نے کہاکہ اتنے بڑے پروٹوکول کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے اور مسائل پیدا ہوتے ہیں۔لہذاہ انہوں نے اس میں کمی کی ہدایت کی۔ پرنسپل سیکریٹری نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ نوگاڑیاں/پولیس موبائیلز عموماً وزیراعلیٰ کی سیکیورٹی اور پروٹوکول کیلئے ہوتی ہیں۔ اس پر وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ اسے کم کرکے 4کردیا جائے۔ان کے اس حکم پر فوری عملدرآمد کردیا گیا۔