22یزار جعلی شناختی کارڈ ، یکم ستمبر سے کارروائی ہو گی ، چودھری نثار
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار نے کہاہے کہ 31اگست تک جعلی شناختی رکھنے والے غیر ملکی شناختی کارڈ واپس کر دیں ورنہ 31اگست کے بعد جن غیر ملکیوں نے شناختی کارڈز بنوائے ہیں ان کیخلاف کاروائی ہوگی،جعلی شناختی کارڈ رکھنے والوں کے بارے میں اطلاع د ینے والوں کو 10ہزار روپے انعام دیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق چوہدری نثار کا کہناتھا کہ شناختی کارڈ کی دوبارہ تصدیق کا عمل ایک ماہ قبل شروع کیا گیا،پہلے ماہ میں 2 کروڑ 24 لاکھ شناختی کارڈز کی تصدیق کی گئی ،جس میں عوام کی طرف سے از خود 26 لاکھ ایس ایم ایس نادراکوموصول ہوئے،نادرا نے 18 لاکھ ایس ایم ایس لوگوں کو بھیجے،22 ہزارلوگوں نے بتایا ا ن کے فیملی ٹری میں غیرمتعلقہ شخص کا اندراج ہے،کل ساڑھے 10کروڑ شناختی کارڈز بنے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کے فیملی ٹری میں غیرمتعلقہ افرادمیں ایک چوتھائی غیرملکی کی شامل ہیں۔چوہدری نثار نے واضح اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جن غیرملکیوں نے شناختی کارڈزبنوائے ہیں وہ از خود اپنے شناختی کارڈز 31اگست سے قبل واپس کر دیں وگرنہ ان کیخلاف کارروائی ہوگی،مقدمات درج کیے جائیں گے اور14سال کی قید ہوگی۔چوہدری نثار کا کہناتھا کہ اب تک 4غیر ملکیوں نے نادرا سے رابطہ کر کے اپنی پاکستانی شہریت سے دستبردار ہو گئے ہیں۔وفاقی وزیر نے جعلی شناختی کارڈ رکھنے والے شخص کے بارے میں اطلاع دینے والوں کو 10ہزار روپے انعام دینے کا بھی اعلان کر دیاہے ،انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں پاکستانی پاسپورٹ کو انسانی سمگلنگ کیلئے استعمال کیا گیا۔ہم نے دو ہزار سے زائد پاسپورٹ منسوخ کئے۔ زیادہ تر کارڈ پرویزمشرف اور پیپلز پارٹی کے ا دوار میں بنے۔ملا منصور کا شناختی کارڈ بھی سابقہ ادوار میں بنا۔ جوں جوں عمل آگے بڑھے گا یہ تعداد بڑھتی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے جعلی کارڈ حاصل کئے ان کیلئے یہ آخری مہینہ ہے اس کے بعد کارروائی ہوگی۔جن لوگوں نے اجنبی لوگوں کے شناختی کارڈز کی نشاندہی کی ہے ان کو دس دس ہزار روپے انعام دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ جعلی شناختی کارڈز بنانے میں ناردرا کا عملہ بھی ملوث ہوتا ہے۔شناختی کارڈز کی تصدیق کا کام بہتر بنا رہے ہیں ۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ نادرا حکام کا موقف تھا کہ چھ ماہ میں یہ کام نہیں ہو سکتا لیکن میں پر امید ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ جعلی پاکستانی شناختی کارڈز اور پاسپورٹ کا استعمال نہایت خطرناک بات ہے۔غیر ملکی ایئر لائنز کو غیر قانونی طور پر لوگوں کو پاکستان لانے پر ایک کروڑ سے زائد جرمانہ کیا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ جعلی شناختی کارڈز کے معاملے پر اہم اجلاس اگلے ہفتے ہوگا، آرمی چیف سمیت تما م انٹیلی جنس سربراہ شریک ہوں گے۔