کراچی، پیسوں کی خاطر دوستوں نے گھر میں گھس کر دوست قتل کردیا
کراچی (سٹاف رپورٹر)کراچی کے علاقے الفلاح سوسائٹی میں پیسوں کی خاطر ایک شخص کو اس کے اپنے دوستوں نے گھر میں قتل کردیا ہے۔ پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے الفلاح سوسائٹی کے رہائشی فاران کے گھر اس کے دوست کچھ اور لوگوں کے ساتھ آئے اور رات بھر اسے تشدد کا نشانہ بناتے رہے۔ صبح ہونے پر وہ گھر سے قیمتی سامان اٹھا کر چلے گئے، فاران کو شدید زخمی حالت میں اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گیا۔اس ضمن میں فاران کی والدہ نے بتایا کہ فاران کراچی اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاری کرنے والی ایک بروکریج کمپنی میں ملازمت کرتا تھا، اس کے دوستوں نے اسی کمپنی کے ذریعے 40 سے 45 لاکھ روپے کی سرمایہ کاری کی تھی لیکن کمپنی کا خسارہ ہوا اور ان کی رقم ڈوب گئی۔ ان لوگوں نے کمپنی کے خلاف بھی مقدمہ درج کرا رکھا ہے تاہم وہ فاران کے ذریعے پیسوں کی وصولی چاہتے تھے اور کچھ رقم حاصل بھی کرچکے تھے۔27 جولائی کی شب فاران کے 6 دوست اپنے 15 سے زائد ساتھیوں کے ساتھ گھر میں داخل ہوئے اور رات بھر سب کے سامنے اسے تشدد کا نشانہ بناتے رہے۔ ملزمان فاران کے جسم پر بلیڈ اور چھریوں سے زخم لگانے کے بعد اس پر نمک اور مرچیں چھڑکتے اور مسلسل رقم کا تقاضا کرتے رہے۔ فجر کے بعد وہ فاران کو نیم مردہ حالت میں چھوڑ کر چلے گئے اور گھر سے سارا قیمتی سامان بھی اپنے ساتھ لے گئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ فاران کے ورثا کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے اور جلد ہی ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کردیا جائے گا۔