سندھ میں رینجرز کے قیام اور اختیارات میں توسیع کی سمری منظور
کراچی (سٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے رینجرز کے قیام اور اختیارات میں توسیع کی منظوری دے دی ۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے چیف سیکرٹری سندھ ، سیکرٹری داخلہ، مشیر قانون اور سیکرٹری قانون سندھ کو وزیر اعلیٰ ہاؤس طلب کر کے ایک گھنٹے تک رینجرز کے اختیارات میں توسیع کی سمری پر تبادلہ خیال کیا ،جس کے بعدوزیر اعلیٰ سندھ نے رینجرز کے سندھ میں 1سال کے قیام اور3 ماہ کے خصوصی اختیارات کی سمری پر دستخط کردیئے۔ وزیر اعلیٰ سندھ کے ترجمان کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق وزیر اعلیٰ کے دستخط کرنے کے بعد توسیع کی سفارشات کے لیے سمری وفاقی وزارت داخلہ کو ارسال کی جائے گی جس کے بعد وفاقی حکومت کی جانب سے رینجرز کے قیام اور اختیارات میں توسیع کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔ ترجمان وزیرا علیٰ ہاؤس نے مزید بتایا کہ وزیر اعلیٰ نے امید ظاہر کی ہے کہ دہشت گردوں کی سرکوبی کیلئے رینجرز پہلے جیسے جذبے سے سندھ میں قیام امن کیلئے اہم کردار ادا کرے گی۔
توسیع منظور