کرک میں پنشنروں کا بینک عملے کیخلاف احتجاجی مظاہرہ
کرک (بیورورپورٹ)نیشنل بینک کرک پنشن لینے کیلئے آنیوالے سینکڑوں ریٹائیرڈ سرکاری ملازمین طویل انتظار اور گرمی کی شدت برداشت نہ کرتے ہوئے بینک عملے کے خلاف بپھر کر سڑکوں پر آگئے ، شہر کی مین شاہراہ ایک گھنٹہ تک ٹریفک کیلئے بند رہی ،بینک عملے کے خلاف نعرے بازی ۔تفصیلات کے مطابق ضلع کرک کے مختلف دیہی علاقوں بہادر خیل ، چنڈہ خرم ، خرم محمد زئی ، تخت نصرتی ، نری پنوس ، کندو خیل اور دیگر دور دراز کے دیہا ت سے ماہانہ پنشن لینے کیلئے آنیوالے ریٹائرڈ سرکاری ملازمین جن میں اکثریت معمر افراد تھے ، نے گذشتہ روز تقریبا ایک بجے دوپہر نیشنل بینک کرک کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے شہر کی مین شاہراہ کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا مظاہرین نے اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں کو بتایا ہے کہ بینک کا عملہ گھنٹوں انتظار کروانے کے باوجود پنشن کی رقم نہ دے سکی ان کا مزید کہنا تھا کہ اثر ورسوخ رکھنے والوں کو بینک کے اندر بیٹھا کر منٹوں میں پنشن کی رقم حوالے کر دی جاتی ہے لیکن باہر بیٹھے سینکڑوں معمر حضرات کی کسی کو پروا نہیں ہوتی انہوں نے مزید کہا کہ انتظار گاہ میں پانی اور پنکھا تک دستیاب نہیں اور اکثر ریٹائیرڈ سرکاری ملازمین دن بھر انتظار کرنے کے باوجود مایوس گھروں کو لوٹ جاتے ہیں مظاہرین نے بینک عملے کے خلاف نعرے بازی کی اور بعد ازاں ایس ایچ او تھانہ کرک جاوید حسین کی یقین دہانی پر منتشر ہو گئے ۔