میری ٹائم سیکٹر میں پاک چین تعاون جاری رہے گا:وائس ایڈمرل ہشام
کراچی(اسٹاف رپورٹر) دوسرے میری ٹائم پیٹرول شپ بسول کی لانچنگ کی پروقار تقریب چین کے شہر لیوژو میں منعقد کی گئی جس کے مہمان خصوصی وائس چیف آف نیول اسٹاف وائس ایڈمرل خان ہشام بن صدیق تھے۔ اس موقع پر پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی، سی ایس ٹی سی اور شپ یارڈ کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ اس موقع پر وائس چیف آف نیول اسٹاف خان ہشام بن صدیق نے خطاب کرتے ہوئے کہا ک میری ٹائم سیکٹر میں پاک چین مشترکہ تعاون جاری رکھیں گے یہ جہاز اپنے وقت مقررہ سے تین ماہ قبل تیار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ، حساس سی ایریا، ایل این جی ٹرمنل، آبی گزرگاہوں اور پاکستانی سمندری حدود کو پی ایم ایس اے اور پاک نیوی بھرپور سیکورٹی فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید جہازوں کے ذریعے کرائم اور دہشت گردی کی وارداتوں کا خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاک چائنہ مشترکہ پروجیکٹس خطے میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ منسٹری آف ڈیفنس پراڈکشن انڈر پی ایس ڈی پی پروگرام کے تحت وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور اصلاحات پروفیسر احسن اقبال نے خصوصی دلچسپی لیتے ہوئے ایم ایس CSTC آف چائنہ سے 4x600 اور 2x1500 ٹن وزن کے میری ٹائم پیٹرول شپ کا معاہدہ جون 2015ء میں کیا۔ پاکستان چین سے جہاز رانی اور تعمیرات کے شعبے میں مستقبل میں بھی تعاون جاری رکھے گا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی ریئر ایڈمرل جمیل اختر بھی موجود تھے۔ آخر میں وائس چیف آف نیول اسٹاف نے پی ایم ایس اے مشن ٹیم چائنا، چینی انجینئرز اور شپ یارڈ کے دیگر اراکین کی دن رات کی انتھک محنت کو سراہا جس کی بدولت یہ اہم سنگ میل حاصل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ تعاون سے میری ٹائم سیکٹر میں چیلنجز کا مقابلہ کریں گے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پی ایم ایس اے ریئر ایڈمرل جمیل اختر بھی موجود تھے۔