ملک کے موجودہ نظام میں تبدیلی کی ضرورت ہے، رضا ہارون
کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاک سر زمین پارٹی کے سیکریٹری جنرل رضا ہارون نے کہا کہ عوام کے مسائل کے حل کے لئے پاکستان کے موجودہ نظام میں تبدیلی کی ضرورت ہے۔۔ پی ایس پی ملک میں صدارتی نظام جمہوریت چاہتی ہے جس کو عوام براہ راست منتخب کریں موجودہ نظام جمہوریت کے لئے نا مناسب ہے جب تک پاکستان میں مقامی حکومتوں کے نظام کو مضبوط اور با اختیار نہیں بنایا جائے گا حقیقی جمہوریت نہیں آئے گی اور نہ ہی عوام کے مسائل حل ہو سکتے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے ممبر نیشنل کونسل آصف میمن کے ہمراہ دورہ پنجاب کے موقع پر پاک سر زمین پارٹی کی لائرز فورم لاہور ڈویژن کے ممبران سے ملاقات کے موقع پر کیا۔۔ رضا ہارون نے کہا کہ پاکستانی عوام کے مسائل کے حل کے لئے پاکستان کے حکومتی نظام میں تبدیلی کی جانا چاہئے۔ موجودہ حکومتی نظام سے جمہوریت مضبوط نہیں ہو سکتی۔ جب تک پاکستان میں مقامی حکومتوں کے نظام کو مضبوط اور با اختیار نہیں بنایا جائے گا،حقیقی جمہوریت نہیں آئے گی اور نہ ہی عام آدمی کو اس کے حقوق ملیں گے،مقامی حکومتوں کانظام ہی جمہوریت کی نرسری ہے اوراس نرسری میں تعلیم حاصل کئے بغیر کیسے ممکن ہے کہ ہم مضبوط اور مستحکم جمہوری نظام قائم کریں۔پاک سر زمین پارٹی ملک میں صدارتی نظامِ جمہوریت کے حوالے سے بحث کا آغاز چاہتی ہے ہم سمجھتے ہیں کہ صدرِمملکت با اختیار ہوناچاہئے اور عوام اپنے حقیقی نمائندے کو براہ راست خود منتخب کریں تاکہ سربراہ مملکت ملکی مفاد ات میں عوامی طاقت کے ساتھ بہترین فیصلوں پر عمل درآمد یقینی بنا سکے۔ انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ پاک سر زمین پارٹی اپنی تنظیم سازی بہت بہتر انداز میں کر رہی ہے اور تمام صوبوں میں بڑی حد تک تنظیم سازی کا عمل مکمل کر چکی ہے،سندھ،پنجاب،بلوچستان،گلگت بلتستان اور خیبر پختونخواہ کے علاوہ آزاد کشمیراور فاٹا میں بھی تنظیم سازی مکمل ہو چکی ہے۔پاک سر زمین پارٹی صرف پاکستان تک محدود نہیں بلکہ برطانیہ،ملیئشیا، مڈل ایسٹ، آسٹریلیا اور دیگر ممالک میں بھی تنظیم سازی ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کم مدت میں اتنی ذیادہ کامیابی ملناقدرت کا کرم ہے اور اس کی مہربانی کا نتیجہ ہے اور اس سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ ہمارے پیغام میں سچائی ہے تبھی لوگوں کے دلوں میں ہماری بات اثر کر رہی ہے اور لوگ ہم سے جڑتے جارہے ہیں اور یہ کارواں اپنی منزل کی جانب بڑھتا جا رہا ہے۔اس موقع پر سینئر ایڈوکیٹ اور وکلاء حضرات موجود تھے جنہوں نے مصطفی کمال اور انیس قائم خانی کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اوران کے محبت اور بھائی چارگی کے پیغام کو سب تک پہنچانے کا عزم کیا۔