پیپلز پارٹی کو آرڈی نیشن کمیٹی نے دوروں کا شیڈول مرتب کرلیا

پیپلز پارٹی کو آرڈی نیشن کمیٹی نے دوروں کا شیڈول مرتب کرلیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کو آرڈی نیشن کمیٹی سندھ نے پارٹی کی تنظیم نو کے سلسلے میں سندھ کے چھ اضلاع کے دورے کے شیڈول کو حتمی شکل دے دی ہے ۔اس ضمن میں پیر کو پیپلز پارٹی سندھ کی کوآرڈی نیشن کمیٹی کا اجلاس نثاراحمد کھوڑو کی صدارت میں ان کے دفتر میں ہوا۔اجلاس میں کمیٹی کے اراکین نفیسہ شاہ ،مولابخش چانڈیوا ور راشد ربانی نے شرکت کی۔نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ پارٹی کی تنظیم نو کے لیئے کوآرڈی نیشن کمیٹی 5اگست سے مٹھی اور عمر کوٹ اضلاع کا دورہ کریگی جبکہ 6اگست کو میرپور خاص اور سانگھڑ ،7اگست کو شہید بینظیر آباد اور جامشورو اضلاع کا دورہ کیا جائیگا جہاں پر پارٹی کارکنان سے تنظیم نو کے لیئے مشاورت کرکے ان کی رائے لی جائے گی ۔انھوں نے کہا کہ پارٹی کی تنظیمی عہدوں پر تقرری کے لیے کارکنان کے مشورے پر مبنی رپورٹ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو حتمی منظوری کے لیئے بھیجی جائے گی ۔نثاراحمد کھوڑو نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پارٹی کو مزید مضبوط کیا جائیگا اور آئندہ عام انتخابات میں عوام کی طاقت سے بلاول بھٹو زرداری کو وزیراعظم بنا کر دکھائیں گے۔انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی صوبائی اسمبلی کے دو حلقوں پی ایس 127اور پی ایس 14جیکب آباد پر ضمنی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی اورمذکورہ دونوں حلقوں پرپارٹی کے نامزد امیدوار ضمنی انتخابات کے لیئے بھرپور تیاری کریں۔انھوں نے کہا کہ سندھ میں بلدیاتی اداروں کے متعلق چیئرمین ،وائس چیئرمین اور میئر کے امیدوار بھی انتخابی شیڈول کے تحت حصہ لینے کے لیئے بھرپور تیاری کریں۔