کوکب اقبال کی کنٹری منیجر سری لنکن ایئر لائنز سے الوداعی ملاقات
کراچی(اسٹاف رپورٹر) سری لنکن ایئر لائنز نے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ثقافت دوستی اور تجارت بڑھنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ یہ بات پاکستان سری لنکا فرینڈ شپ ایسوسی ایشن کے صدر کوکب اقبال نے کنٹری منیجر سری لنکن ایئر لائنز سے ان کے دفتر میں الوداعی ملاقات کے موقع پر کہی۔ اس موقع پر نئے کنٹری منیجر پاکستان سری لنکن ایئر لائنز بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ لکشمن ویرا سوریا نے بہت خوش اسلوبی سے اپنا کردار ادا کیا۔ان کی پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تعلقات کو اُجاگر کرنے کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی کوکب اقبال نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوستی اور محبت کا لازوال رشتہ قائم ہے۔ مجھ سمیت پاکستانی عوام سری لنکا کے تفریحی مقامات پر اپنے فیملی کے ساتھ جانا پسند کرتے ہیں دونوں ممالک کی بزنس کمیونٹی تجارت کو بڑھانے میں اپنا کردار ادا کررہی ہے۔بدھ مذہب کے پیروکار پاکستان کے تاریخی مقامات موہنجو دڑو اور ہڑپّہ کی سیاحت کے لیے جانا پسند کرتے ہیں ہمارے درمیان ثقافت اور کلچر کی وجہ سے ٹور ازم فروغ پارہا ہے جس کی وجہ سے نہ صرف سری لنکن ایئر لائنز بلکہ پی آئی اے بزنس میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے مسافر نہ صرف کولمبو بلکہ دیگر ایشیائی ممالک سری لنکن ایئر لائنز کے ذریعے سفر کو ترجیح دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کچھ عرصے پہلے ہفتے میں صرف دو مرتبہ سری لنکن ایئر لائنز کی پرواز کراچی سے جاتی تھی مگر اب روزانہ کراچی سے سری لنکا پرواز کا شیڈول بن گیا ہے جس میں نہ صرف دونوں ممالک کی حکومتوں کی سفارتی کوششیں بلکہ کنٹری منیجر لکشمن ویرا سوریا کی خدمات بھی شامل ہیں۔ کنزیومر ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین اور پاکستان سری لنکا فرینڈ شپ ایسوسی ایشن کے صدر کوکب اقبال نے نئے کنٹری منیجر مزاحم کو پاکستان میں خوش آمدید کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اُمید ہے کہ وہ بھی خوش اسلوبی سے اپنی خدمات انجام دیں گے اور دونوں ممالک کے درمیان دوستی کے فروغ کے لیے کوشاں ہوں گے۔