آباد گاروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں،سہیل سیال
کراچی (اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر زراعت سہیل انور سیال نے افسران کو ہدایت کی ہے کہ سندھ کے آباد گاروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں اور عوامی شکایات کے ازالے کے لیے شکایتی سیل اور ایس ایم ایس سروس شروع کی جائے ۔وہ پیر کو محکمہ زراعت ،سپلائی اینڈ پرائسس کا عہدہ سنبھالنے کے بعد افسران کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔اجلاس میں سیکرٹری زراعت میر اعجاز حسین تالپور،ڈائریکٹر جنرل ہدایت اللہ،نور محمد بلوچ،جاوید احمد قائم خانی، اقبال سعید خان. ارشاد احمد انصاری،منیر احمد شیخ،عبدالعزیز چنہ سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔سہیل انور سیال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افسران حکومتی پالیسیوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں ۔عوام کے مسائل بتدریج حل کیے جائیں اور ان کو ریلیف فراہم کیا جائے ۔حکومتی اقدامات سے لوگوں کوفرق محسوس ہونا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ ناپ تول پر کڑی نگاہ رکھی جائے اور کم تولنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے ۔اس ضمن میں افسران فیلڈ میں نکلیں ۔سہیل انور سیال نے محکمہ زراعت کے افسران کو سندھ کے آبادگاروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عوام کی شکایات کے ازالے کے لئے ایگریکلچر ڈیپارٹمنٹ میں شکایتی سیل قائم کرنے کے ساتھ فوری طور پر شکایتی ایس ایم ایس شروع کی جائے ۔