سیاست سے بالا تر ہو کر عوام کی بے لوث خدمت ان کا مشن ہے :وزیر قانون
پشاور( پاکستان نیوز)خیبر پختونخوا کے وزیر قانون و پارلیمانی امور امتیاز شاہد قریشی نے کہا ہے کہ عوام نے ووٹ دے کرجس اعتماد کا اظہار کیا ہے وہ اس کا جواب حلقہ میں ریکارڈ ترقیاتی کام کر کے دے رہے ہیں سیاست سے بالاتر ہو کر عوام کی بے لوث خدمت ان کا مشن ہے ۔حلقہ پی کے 39میں چھوٹے بڑے متعدد ترقیاتی منصوبوں پر مرحلہ وارکام جاری ہے وہ عوام کو کسی صورت مایوس نہیں کریں گے جرما ،سور گل اورملحقہ علاقوں کو جلد گیس فراہم کی جائے گی۔ وہ علاقہ جرما ضلع کوہا ٹ میں زیرو پوائنٹ پر عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے جس کا اہتمام سابق امیدوار صوبائی اسمبلی ملک تاج محمد خان نے کیا تھا اس موقع پر تحصیل کونسلر ضمیر گل، تحصیل کونسلر غنچہ گل، چیئرمین جہانزیب خان، عظمت خان سمیت یونین کونسل شاہ پور ،سور گل اور جرما کے بلدیاتی نمائندگان اور معززین علاقہ بھی موجود تھے ۔ وزیر قانون کو سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے ملک تاج محمد خان نے کہا کہ مذکورہ یونین کونسلز میں گیس پائپ لائن بچھائی جا چکی ہے مگر کئی سال گزرنے کے باوجود گیس فراہم نہیں کی جا رہی لہذا بلاتاخیر گیس فراہم کی جائے۔ اس کے علاوہ وزیر اعلیٰ جرما زمین کے انتقالات شروع کرنے کا فوری اعلان کریں ۔سپاسنامے کا ذکر کرتے ہوئے امتیاز شاہد قریشی نے کہا کہ یو سی جرما،سور گل اور شاہ پور کو گیس کی فراہمی کے لیے انہوں نے گیس کے متعلقہ حکام سے بات کی ہے اور اس پر جلد کام شروع ہوجائے گا کوئی بھی علاقہ گیس کی سہولت سے محروم نہیں رہے گا انہوں نے کہا کہ حلقہ 39میں مختلف منصوبوں پربلاامتیاز کام جاری ہے تاہم بعض منصوبوں میں تاخیرفنڈز کے بروقت اجراء نہ ہونے کی وجہ سے ہوا اس کے باوجود رائیلٹی فنڈ سے ترقیاتی منصوبوں پر کا م جاری ہے وزیر قانون نے کہا کہ جرما کی زمینوں کے انتقالات پر پابندی ہٹانے کے لیے وزیر اعلیٰ سے ان کی بات ہوئی ہے اور یہ مسئلہ بہت جلد حل ہو جائے گا ان کا مزید کہنا تھا کہ آج وہ جس مقام پر ہیں یہ صرف حلقہ کے عوام کی محبت ہے کہ انہوں نے مجھ پر بھروسہ کر کے اسمبلی پہنچایا جس کے جواب میں وہ حلقہ کے عوام کے فلاح و بہبود کے لئے شبانہ روز کام کررہے ہیں۔اپنی آئینی مدت پوری ہونے کے بعد عوام کو حلقے میں مکمل تبدیلی خود بخود نظر آجائے گی