تعلیم سے محروم افراد کو معاشرے کا فعال بنائینگے :سکندر شیر پاؤ

تعلیم سے محروم افراد کو معاشرے کا فعال بنائینگے :سکندر شیر پاؤ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور( پاکستان نیوز)خیبرپختونخوا کے سینئر وزیر برائے سماجی بہبود ، سپیشل ایجوکیشن و آبپاشی سکندر حیات خان شیرپاؤ نے کہا ہے کہ بصارت سے محروم افراد ہمارے معاشرے کا اہم حصہ ہیں اور عملی زندگی کے ہر میدان میں فعال شہری کا کردار ادا کرنے کے لئے انہیں معیاری اور جدید علم و ہنر کی فراہمی انتہائی ضروری ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت دیگر شعبوں کی طرح نابینا افراد کی تعلیم و تربیت پر خاص توجہ دے رہی ہے ۔ آئندہ اے ڈی پی میں بصارت سے محروم افراد کے لئے ہر ڈویژن میں ایک ہائی سکول کا قیام شامل ہے جبکہ بعد میں ہر ضلع کی سطح پر ان سکولوں کو وسعت دی جائے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہو ں نے نے پیر کے روز بلائنڈ سکول ہشت نگری پشاور میں صوبہ بھر میں نابینا افرادکے سکولوں کو کمپیوٹروں کی فراہمی کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری سماجی بہبود و سپیشل ایجوکیشن عادل شاہ ، ڈائریکٹر سماجی بہبود نعیم خان ، محکمہ کے دیگر افسران اور صوبہ بھر سے آئے ہوئے نابینا سکولوں کے سربراہان اور بصارت سے محروم افراد نے شرکت کی ۔سینئر وزیر نے اس موقع پر صوبہ بھر کے تمام نابینا سکولوں میں کمپیوٹرکی تعلیم کی فراہمی کے لئے متعلقہ سربراہان نے ڈسک ٹاپ کمپیوٹرز تقسیم کئے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سکندر شیرپاؤ نے کہا کہ بصارت سے محروم افراد کی بہتر تعلیم و تربیت اور ان کو معاشرے کا فعال شہری بنانا ہم سب کی سماجی ذمہ داری ہے او ران کو جدید ٹیکنالوجی سے روشناس کریں گے ۔ انہو ں نے کہا کہ یکم ستمبر2016سے ان سکولوں میں نئی کلاسوں کے لئے اپنی کتابیں چھپوائیں گے اور اس مقصد کے حصول کے لئے جلد ہی پرنٹنگ پریس کا قیام عمل میں لایا جائے گا ۔ سینئر وزیر نے کہا کہ صوبہ بھر میں غیر فعال نابینا سکولوں کو فعال بنایا جائے گا جبکہ مزید نئے سکولوں کے قیام کے ساتھ ساتھ خصوصی تعلیم کے لئے ایک ڈائریکٹریٹ کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا اور مذکورہ محکمے کی تنظیم نو کی جائے گی جس سے بہتر انداز میں بصارت سے محروم افراد کی فلاح و بہبود کے لئے اقدامات کئے جا سکیں گے ۔