انڈونیشیا کے صوبے آچے میں خلوت میں وقت بتانے پر جوڑے کو کوڑوں کی سزا
باندا آچے (ویب ڈیسک) انڈونیشیا کے صوبے آچے میں ڈیٹنگ اور اسلامی قوانین کی خلاف ورزی کے جرم میں غیر شادی شدہ جوڑوں کو سرعام کوڑے مارنے کی سزا دی گئی جس کی تصاویراورویڈیوز بھی سامنے آگئیں ۔
خلیج ٹائمز کے مطابق ایک خاتون اورمردکو شہر باندا آچے کی’الفرقان مسجد‘ کے باہر کوڑے مارے گئے ، کوڑے لگنے کے دوران خاتون روتی رہی جبکہ ہجوم کے سامنے مسجد کے باہر لگے سٹیج پر نقاب پوش شخص نے چھڑیاں برسائیں۔
مسلمانوں کے سب سے بڑے ملک انڈونیشیا میں آچے واحد صوبہ ہے جہاں مرکزی حکومت نے ایک عرصے جاری علیحدگی پسند تحریک کو کچلنے کیلئے 2001ءسے اسلامی قوانین نافذ کرنے کی اجازت دے رکھی ہے۔ قانون کے تحت کوئی بھی غیر محرم جوڑا شادی کئے بغیر خلوت میں ایک دوسرے کے قریب نہیں آ سکتا۔
اس سے پہلے گزشتہ سال دسمبرمیں دویونیورسٹی طلباء23سالہ وہیودی سپوترا اور 20سالہ نورالیتہ کوتنہائی میں وقت بتانے پر کوڑے مارے گئے تھے ۔ مارچ میں بھی ایک غیرشادی شدہ جوڑے سمیت 18افراد کو کھلے عام کوڑے مارے گئے تھے ۔ اسی طرح ایک پارٹی کے دوران ہوٹل میں اسلامی قوانین کیخلاف شراب نوشی کرتے پکڑے جانیوالے چھ افراد کو 40کوڑے مارے گئے ۔