جنوبی پنجاب میں طالبات کے وظیفہ کو 2 سو سے بڑھاکر ایک ہزار کر دیا: رانا مشہود

جنوبی پنجاب میں طالبات کے وظیفہ کو 2 سو سے بڑھاکر ایک ہزار کر دیا: رانا مشہود
جنوبی پنجاب میں طالبات کے وظیفہ کو 2 سو سے بڑھاکر ایک ہزار کر دیا: رانا مشہود

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (ویب ڈیسک) صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان نے کہا جنوبی پنجاب میں طالبات کے وظیفہ کو 200 سے بڑھا کر 1000روپے کر دیا گیا ہے۔ ملازمت کے لئے خواتین کیلئے 33 فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔ صوبے میں ہر یونین کونسل طالبات کا ایک سکول لازمی بنایا جائے گا، جنوبی پنجاب میں نالج پارک تعمیر کیا جا ئے گا۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے ریجنل آفس لاہور میں ایف پی سی سی آئی اور وویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ملتان کے باہمی تعاون سے ”جنوبی پنجاب کے سکولوں میں انٹر پرینیورشپ کی شمولیت“ کے عنوان سے منعقدہ علاقائی کانفرنس کے شرکاء سے خطاب میں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے بجٹ میں 489 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، 16ارب کا سکالرشپ فنڈ رکھا گیا ہے جس سے سوا لاکھ طالب علم مستفید ہو گئے۔ اس موقع پر ایف پی سی سی آئی ریجنل چیئرمین میاں رحمان عزیز نے کہا کہ خواتین کو قومی دھارے میں شامل کئے بغیر اقتصادی ترقی ناممکن ہے، دنیا کے اکثر ممالک معاشی نمو کی شرح بڑھانے کی دوڑ میں کمزور طبقات کو نظرانداز کر رہے ہیں جس سے غربت اور محرومی میں اضافہ ہو رہا ہے۔

سارک چیمبر کے نائب صدر افتخار علی ملک نے کہا کہ سارک ممالک میں خواتین کی تنخواہیں مردوں کے مقابلہ میں اوسطاً 40 فیصد تک کم ہیں۔ پاکستان میں 60فیصد سے زیادہ غریب اور71 فیصد لڑکیاں ثانوی درجے کی تعلیم سے محروم ہیں۔ وویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ملتان (ڈبلیو سی سی آئی) کی صدر مسز رضیہ شاہ نے کہا کہ پاکستان فنی مہارت، معیاری تعلیم اور کاروبار کے فروغ کیلئے از سرنو پالیساں تشکیل دیں۔ ڈبلیو سی سی آئی کی نائب صدر سیرت فاطمہ، سابق صدر معصومہ سبطین، ہمیرا بوزول، شمامہ ارباب اور دیگر نے بھی شرکاءسے خطاب کیا۔

مزید :

لاہور -