جنید جمشید نے کپڑوں کے بعد چاول کا برانڈ متعارف کرادیا
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) معروف مذہبی رہنما جنید جمشید نے کپڑوں کے برانڈ جے ڈاٹ کے بعد ایک اور نئے کاروبار کا آغاز کرتے ہوئے جزا فوڈز کے نام سے چاولوں کی 5 مختلف اقسام متعارف کرادی ہیں۔
ڈیلی پاکستان گلوبل کے مطابق جزا کو پاکستانی مارکیٹ کے ساتھ انٹرنیشنل مارکیٹ میں بھی متعارف کرایا گیا ہے اور اسے انتہائی صحت بخش قرار دیا گیا ہے۔
جزا فوڈز کے چیف ایگزیکٹو علی جبار نے بتایا کہ پاکستان میں وسیع پیمانے پرچاول کی کاشت کے باعث اس کی مارکیٹ پر ہول سیل ڈیلرز کا قبضہ ہے جس کی وجہ سے کم خرچ بالا نشین کا فارمولہ ہی مارکیٹ میں مقام پیدا کرسکتا ہے ۔ کھلے چاول کا پاکستانی مارکیٹ میں 96 فیصد حصہ ہے جبکہ برانڈڈ چاول کی مارکیٹ میں بہت کم کمپنیاں کام کر رہی ہیں اور ان کا فوکس زیادہ نفع کے حصول کیلئے چاول کی برآمد پر ہے اور ہم نے اسی خلا کو پر کرنے کیلئے جزا فوڈز کا آغاز کیا ہے ۔
جزا فوڈز کے ڈائریکٹر جنید جمشید نے بتایا کہ ہمارے لیے سب سے بڑا چیلنج چاول کی بہترین اقسام کا انتخاب تھا ۔ چاول کے انتخاب کے بعد انہیں بہترین طریقے سے صاف کرکے مناسب قیمت پر مارکیٹ میں متعارف کرانا بھی اہم چیلنج تھا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ جزا فوڈز کی قیمت ایسی رکھی گئی ہے کہ پاکستان کے کم آمدن والے افراد بھی اسے با آسانی خرید سکیں اور اسی وجہ سے جزا چاول کو 5 مختلف درجوں میں متتعارف کرایا گیا ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ جزا ایلیٹ سٹیم رائس کی قیمت 199 روپے کلو، جزا پریمیئم باسمتی 170 روپے کلو، سیلا گولڈ رائس 160 روپے کلو، باسمتی چاول 140 روپے کلو اور اکانومی چاول کی قیمت 110 روپے فی کلو رکھی گئی ہے۔