شام کے بحران پر روس کے ساتھ مشاورت جاری ہے: سعودی عرب
ریاض(این این آئی)سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے باور کرایا ہے کہ شامی بحران کے حوالے سے مملکت اور روس کے نقطہ ہائے نظر میں اختلاف مشترکہ تعاون پر اثر انداز نہیں ہوا۔ شام کے معاملے پر دونوں ملکوں کے نقطہ ہائے نظر کو قریب لانے کے لیے کوآرڈی نیشن اور مشاورت جاری ہے۔سعودی نیوز ایجنسی کے استفسار کا جواب دیتے ہوئے الجبیر نے واضح کیا کہ مملکت روس کے ساتھ کئی شعبوں میں بہترین تعلقات قائم کرنے کی خواہاں ہے۔یاد رہے کہ شامی صدر بشار الاسد کا رخصت ہونا جانبین کے بیچ اختلاف کا مرکزی نقطہ ہے۔ سعودی وزیر خارجہ اس سے پہلے باور کراچکے ہیں کہ ہمارا مقصد اب بھی ایسے پرامن حل تک پہنچنے کی کوشش کرنا ہے، جس کے نتیجے میں بشار حکومت بے دخل ہو سکے، تاہم فوجی آپشن ابھی تک قائم ہے اور شامی اپوزیشن کی سپورٹ بھی جاری ہے۔