مقبوضہ کشمیر: وانی کے بعد کمانڈر ابودجان منظر عام پر، ماسک پہن کر ریلی میں شرکت
سرینگر (آئی این پی، این این آئی) جنوبی مقبوضہ کشمیر میں حریت کمانڈر برہان وانی کے بعد کمانڈر ابودجان ہردلعزیز شخصیت بن کر منظر عام پر آگیا ہے۔ گزشتہ روز ابودجان نے ماسک پہن کر ریلی میں شرکت کی، سینکڑوں نوجوان نے اسے گھیرے میں لے رکھا تھا۔
بھارت کا دعویٰ ہے کہ اس کمانڈر کا تعلق لشکر طیبہ سے ہے۔ ریلی کے شرکاءنے اس دوران پاکستانی پرچک بلند کئے رکھا اور آزادی اور پاکستان کے حق میں نعرے لگاتے رہے۔ پولیس نے کہا ہے کہ پلوامہ ضلع میں حزب المجاہدین کے متعدد حریت پسندوں کو دیکھا گیا ہے۔ حکام اس معاملہ کا جائزہ لے رہے ہیں۔ ادھر آزادی پسندوں نے شٹر ڈاﺅن ہڑتال کی کال 5 اگست تک بڑھاتے ہوئے جمعہ کو حضرت بل کی درگاہ تک مارچ کا اعلان کردیا ہے۔
علاوہ ازیں مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں کے خلاف بھارتی ریاستی دہشت گردی مسلسل جاری جبکہ وادی میں کرفیو بدستور نافذ ہے۔ جولائی کے ماہ میں شہید کشمیریوں کی تعداد 74 ہوگئی، پیلٹ گن اور آنسو گیس کے استعمال میں 5500 کشمیری زخمی، صرف جولائی میں 90 خواتین کی بے حرمتی کی گئی۔