بجلی وگیس کے نرخ کم ہونے سے پیداواری لاگت کم ہو گی : پیاف
لاہور (کامرس رپورٹر)پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشنز فرنٹ (پیاف) نے ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات بڑھانے کے لئے ٹیکسٹائل سیکٹر کی بجلی و گیس کی قیمتوں میں کمی کرنے کی وفاقی حکومت کی یقین دھانی کو سراہا ہے۔ اس سے بڑھتی ہوئی پیداواری لاگت میں کمی آئے گی۔وائس چیئر مین پیاف خواجہ شاہزیب اکرم نے صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی مصنوعات مہنگی ہونیکی وجہ سے پاکستانی ایکسپورٹرز کو حریف ممالک سے مسابقت میں مشکلات کا سامنا ہے لہٰذا حکومت بجلی و گیس کے ٹیرف میں ہمسائیہ ممالک کے لیول تک کمی لائے تاکہ گرتی ہوئی برآمدات کو سہارا مل سکے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹیکسٹائل صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ خواجہ شاہزیب اکرم نے کہا کہ برآمدات میں کمی اور درآمدات میں اضافہ سے تجارتی خسارہ30ارب ڈالر کی انتہائی سطح تک پہنچ چکا ہے جس کو کنٹرول کرنے کیلئے بروقت اقدامات اٹھانے ازحد ضروری ہیں کیونکہ بڑھتا ہوا تجارتی خسارہ ملکی معیشت کیلئے نقصان دہ ہے ۔ اس سلسلے میں وزارت ٹیکسٹائل انڈسٹری کی قائمہ کمیٹی کی سفارشات کے مطابق بجلی وگیس کے نرخ فوری کم کئے جائیں تاکہ پیداواری لاگت اور تجارتی خسارہ میں کمی ہوسکے۔اورزرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوتاکہ ملکی معیشت مضبوط و مستحکم ہوسکے۔
