قومی ٹیم ورلڈ سکس ریڈ سنوکر ایونٹ میں شرکت کیلئے مصر روانہ
اسلام آباد (آن لائن) 6 رکنی قومی ٹیم آئی بی ایس ایف ورلڈ سکس ریڈ اینڈ ٹیم سنوکر چیمپین شپ میں شرکت کیلئے منگل کو مصر روانہ ہوگئی۔ پاکستان بلیئر اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن کے میڈیا ڈائریکٹر نوید کباڈیا کے مطابق چیمپین شپ آ ج شروع ہوگی جو 10 اگست تک جاری رہے گی۔ ایونٹ میں 5 کھلاڑی اور ایک آفیشل پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔کھلاڑیوں میں محمد سجاد، اسجد اقبال، بابر مسیح، محمد آصف اور محمد نسیم اختر شامل ہیں جبکہ آفیشل نثار علی بھگٹ بطور منیجر ٹیم کے ہمراہ ہے۔ میڈیا ڈائریکٹر نوید کباڈیہ نے کہا کہ آئی بی ایس ایف ورلڈ سکس ریڈ اینڈ ٹیم سنوکر چیمپین شپ کے انفرادی مقابلوں میں پانچوں کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیں گے جبکہ ٹیم ایونٹ میں 4 کھلاڑی حصہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قومی کھلاڑیوں نے اسلام آباد میں تربیتی کیمپ میں بھر پور محنت کی ہے اور وہ مقابلوں کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایونٹ کیلئے باصلاحیت کھلاڑیوں کا انتحاب کیا ہے امید ہے کہ وہ ایونٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے کامیابی حاصل کریں گے۔
