اسلام آباد،نجی ہاؤسنگ سوسائٹی سے 7سالہ معصوم بچی اغوا،مقدمہ درج
اسلام آباد(جنرل رپورٹر) بحریہ ٹاؤن کے فیز ٹو سے7سال کی معصوم بچی کو دونامعلوم موٹرسائیکل سوار وں نے اغوا کرلیا،بچی کا والد اغواء کاروں کے پیچھے گاڑی بھگاتا رہا لیکن ملزمان گلیوں میں غائب ہوگئے،تھانہ لوہی بھیر نے نامعلوم ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا،تفصیلات کے مطابق بحریہ ٹاؤن کے فیز ٹو کی بابا جانی مارکیٹ کے قریب واقع پارک میں اپنی بہنوں اور دیگر بچوں کے ساتھ کھیلنے والی سات سالہ معصوم بچی زرنش نوید پارک سے کھیل کر اپنی بہنوں کیساتھ گھر واپس آنے لگی اور اپنی سائیکل پر پارک سے گھر آرہی تھی کہ شور مچ گیا کہ دونامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے سات سالہ زرنش نوید کو اغواکرلیا ہے بچیوں کا شورسن کر قریب میں واقع زرنش نوید کے والد احمدنوید نے اپنے گیراج میں کھڑے تھے باہر آئے تو دیکھا کہ انکی بیٹی کی سائیکل گری پڑی ہے اس دوران زرنش نوید کو ایک موٹرسائیکل پر دونامعلوم افراد اغوا کرکے لے جارہے ہیں ،احمد نوید نے پولیس کو بتایا کہ اغواکاروں میں ایک نے نیلے رنگ جبکہ دوسرے نے سفید رنگ کے کپڑے پہنے ہوئے تھے جو کہ میری بیٹی کو اغوا کرکے فرارہورہے تھے میرا بھائی احمد وقاص بھی چشم دید گواہ ہے،مغویہ زرنش کے والد احمد نوید نے پولیس کو بتایا کہ ہم نے اغواکاروں کو پکڑنے کیلئے اپنی گاڑی پر پیچھا کیا لیکن وہ گلیوں میں غائب ہوگئے اس دوران ہم نے بحریہ ٹاؤن سکیورٹی کو بھی اطلاع دی انہوں نے کہا مجھے ڈرہے کہ نامعلوم اغواء کار میری معصوم بیٹی کو قتل نہ کریں یا فروخت نہ کردیں میری بیٹی کو بازیاب کرایا جائے ذرائع کے مطابق بحریہ ٹاؤن فیز ٹو سے اغواء ہونیوالی بچی پانچ روز گزرجانے کے باوجود پولیس بچی کو بازیاب نہ کراسکی،والدین شدید پریشان ہیں جبکہ پولیس کے اعلی افسران نئے آنیوالے حکمرانوں کے اقتدار کے حوالے سے مصروف ہیں اور اغواء ہونیوالی بچی کی بازیابی کیلئے اعلی افسران نے کوئی توجہ نہیں دی ہے جبکہ پولیس صرف تلاش کرنے کے دعوے کررہی ہے۔
