ضلعی امن کمیٹی یوم آزادی ، یوم امن کے طور پر منائیگی، اظہار بخاری
راولپنڈی (جنرل رپورٹر)چیرمین امن کمیٹی مذہبی سکالرعلامہ پیر سید اظہار بخاری نے کہا ہے کہ ضلعی امن کمیٹی یوم آزادی ، یوم امن کے طور پر منائیگی ۔ یوم آزادی کا تقاضہ ہے ، قوم اپنے درمیان نفرت و تعصب کی دیواریں گرا دے ۔نفرت کی بدبو سے آزاد ہونا ہی اصل آزادی ہے ۔ قوم جشن آزادی میں مشن آزادی کو مد نظر رکھے ۔ امن کمیٹی نے فرقہ پرستی کا جن بوتل میں بند کیا ، دھشتگردی کی آگ بجھانے، عالم کفر کی سازشوں کا بھی سر کچلنا ہو گا۔ پاکستان نے ہمیں بہت کچھ دیا ۔ہم نے اسے دھوکے کے سوا کچھ نہیں دیا ۔ تمام مکاتب فکر کے علماء ایمان کے ساتھ پاکستان بچانے کی بھی فکر کریں ، ہمیں آزادی میں کوئی جینے نہیں دیتا ، غلامی میں ہمیں کون جینے دے گا ۔اس اجلاس میں علامہ پیر سید اظہار بخاری، علامہ قمر زیدی ، سید عطا ء اللہ شاہ بخاری ، حافظ اقبال رضوی ، قاری خالد محمود ، قاری محمد یونس ، قاری سعید احمد چشتی ، شوکت عباس جعفری ، قاری ہارون ،علامہ ناصر زیدی ، علامہ زاھد کاظمی ،مولانا آمین سیالوی ، قاضی ظہور الہ ، شیخ ناصر نے بھی اظہار خیال کیا ۔اظہار بخاری نے کہاکسی کے مسلک کو گالی دینے سے شر پسندی جنم لیتی ہے ۔احترام کرنے سے امن پرستی کا باب کھلتا ہے ۔ دھشتگردی ہم سب کی اجتماعی سر دردی ہے ۔آج امت مسلمہ ہی دھشتگردی کی زد میں ہے۔دنیا کفر آپس میں اتحادکرکے امت مسلمہ میں فساد پھیلارہی ہے ۔المیہ ہے ،مسلمان آپس میں دست گریبان ہوکر کافروں کا مشن پورا کر رہے ہیں ۔اسلام کی تسبیح کے بکھرے موتی متحد ہو جائیں ۔ورنہ اسلام دشمن گدھیں ہمیں چُن چُن کر نگل جائیں گی ۔ تمام مکاتب فکر کے علماء تحاد و یگانیگت کا پیغام دیں ۔ امن کا پیغام گھر گھر پہنچانے کیلیے علماء اپنا کردار ادا کریں ۔ اگر کوئی مادر وطن کے سینے پر دھشتگردی کی آگ لگائے ،تو ہمارا فرض بنتا ہے ،کہ ہم متحداور یک جان ہو کر ایسے دھشتگردوں کو صفحہ ہستی سے مٹا دیں ۔لہذا ضرورت اس امر کی ہے پاکستان کو ملک دشمنوں سے بچانے کیلیے تمام مکاتب فکر کے علماء اتحاد و اتفاق کی مثال قائم کریں ۔ امن کمیٹی مختلف مکاتب فکر کے پھولوں کا گُلدستہ ہے ۔جو اپنی بہترین صلاحیتوں سے ملک میں امن کے پھول کھلا سکتی ہے ۔
