کمال احمدٹیلی نار کے چیف کارپوریٹ افیئرز آفیسرتعینات

کمال احمدٹیلی نار کے چیف کارپوریٹ افیئرز آفیسرتعینات

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی(اکنامک رپورٹر) ٹیلی نار پاکستان نے کمال احمد کو کمپنی کا نیا چیف کارپوریٹ افیئرز آفیسر مقرر کردیا ہے جو 7اگست سے اپنا عہدہ سنبھال لیں گے۔کمال انفارمیشن اینڈ کمیونی کیشن کے میدان میں ستائیس سال کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں جس کے دوران انھوں نے قومی و بین الاقوامی سطح پر اہم ذمہ داریاں انجام دیں۔ انھوں نے متعدد نمایاں اداروں کے لیے خدمات سرانجام دی ہیں جن میں مائیکروسافٹ، نورٹل، سپرنٹ ، پی ٹی سی ایل ، یوفون اور یو این ڈی پی شامل ہیں۔ اس کے بارے میں تبصرہ کرتے ہوئے ٹیلی نار پاکستان کے سی ای او عرفان وہاب خان نے کہا:’’ہم کمال احمد کو اپنی ٹیم کی اعلیٰ انتظامیہ میں خوش آمدید کہتے ہوئے بے حد پرجوش ہیں۔ ٹیلی نار پاکستان نے پالیسی سازی اور ریگولیٹری معاملات میں ہمیشہ ٹیلی کام سیکٹر کی رہنمائی کی ہے تاکہ اس شعبے میں کاروبار کے لیے موزوں ماحول پیدا کیا جاسکے اور اس کے فوائد صارفین کو منتقل کیے جاسکیں۔ ہمیں پوری امید ہے کہ کمال احمد اپنی بصیرت ، تجربے اور پاکستا ن کے آئی سی ٹی شعبے کے متعلق اپنی سوجھ بوجھ سے کمپنی کے اہداف کو آگے بڑھائیں گے ۔ ہم ان کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔اپنے نئے عہدے پر کمال کمپنی کے کمیونی کیشن اور سسٹین ایبلٹی کے ساتھ ساتھ ریگولیٹری، بین الادارہ جاتی روابط، سرکاری و نیم سرکاری اور قانونی معاملات سنبھالیں گے۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کمال احمد کا کہنا تھا: ’’میں ٹیلی نار پاکستان جیسے جدت افروز اور موثر ادارے کا حصہ بننے پر بے حد پرجوش ہوں ۔میں ملک میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی سب تک رسائی بڑھانے اور پاکستان بھر میں لوگوں کی زندگیاں بدلنے کے ٹیلی نار کے سفر میں شریک ہونے کا منتظر ہوں۔کمال نے ایم بی اے کے ساتھ ساتھ آئیوا اسٹیٹ یونیورسٹی امریکا سے بی ایس کمپیوٹر انجینئرنگ کی ڈگری بھی لے رکھی ہے۔