جرائم اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پر عزم ہیں ،عوام کی مدد درکار ہے :سی سی پی او لاہور

جرائم اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پر عزم ہیں ،عوام کی مدد درکار ہے :سی سی پی ...
جرائم اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پر عزم ہیں ،عوام کی مدد درکار ہے :سی سی پی او لاہور

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن ) سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) امین وینس نے کہا ہے کہ جرائم اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور اس مقصد کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے،لوگوں کے جان و مال اور عزت کی حفاظت کے لیے تاجر برادری کی تجاویز بہت مددگار ثابت ہونگی، عوام کو دہشت گردی کے ناسور سے چھٹکارا دلانے کے لیے قربانیاں دینے سے گریز نہیں کیا جائے گا، سڑکوں پر احتجاج کرنے والوں کو صورتحال کی نزاکت سمجھنی چاہیے، دہشت گردوں نے احتجاجی ریلی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے دہشت گردی کی جس میں سینئر افسران سمیت بہت سے لوگ شہید ہوئے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدرامجد علی جاوا، نائب صدر محمد ناصر حمید خان اور ایگزیکٹو کمیٹی اراکین اور سابق عہدیداران سے لاہور چیمبر میں ملاقات کے موقع پر کیا۔

لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر امجد علی جاوا نے کہا کہ دہشت گردی اور جرائم کے خاتمے کے لیے پنجاب پولیس کی قربانیوں کو تاجر برادری بہت قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ 2002ء سے لیکر اب تک سینکڑوں خود کش دھماکوں اور دہشت گردی کے واقعات میں 3700سے زائد پولیس افسران اور اہلکار جام شہادت نوش کرچکے ہیں، ان قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سیف سٹی پراجیکٹ بہت اچھا منصوبہ ہے، اس کے پوری طرح آپریشنل ہونے کے بعد یقیناًصورتحال مزید بہتر ہوگی، ڈولفن فورس کی وجہ سے سٹریٹ کرائم کم ہوئے، اس کے دائرہ کار مزید وسیع کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ چوری،ڈکیتی ،اغواء برائے تاوان،گاڑی اور موٹر سائیکل کی چوری اور چھیننے کے واقعات میں اضافہ تشویشناک ہے، اس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سٹرکوں کے دونوں اطراف ناجائز تجاوزات اور ٹریفک سگنل پر پیشہ ور بھکاریوں کی بھر مار کی وجہ سے بھی ٹریفک کے مسائل پیدا ہورہے ہیں جن کا سدباب کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی مانیٹر کرنے والے خودکار سسٹم اچھا قدم ہے، جب سگنل کی خلاف ورزی ہورہی ہوتو تصویر میں گاڑی کے ساتھ ساتھ ٹریفک سگنل بھی نظر آنا چاہیے تاکہ خلاف ورزی کرنے والا خود کار چالان سسٹم پرکوئی سوال نہ اُٹھا سکے ۔ اجلاس کے دوران پولیس اور سکیورٹی فورسز کے شہداء کے لیے دعا بھی کی گئی۔ اجلاس میں سابق صدر محمد علی میاں، طاہر منظور چودھری، میاں عبدالرزاق ، خامس سعید بٹ، زاہد مقصود بٹ، تہمینہ سعید چودھری، چودھری خادم حسین، طارق محمود اور دیگر ممبران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

مزید :

لاہور -