پاکستان علماء کونسل طاہر اشرفی کی سربراہی میں الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ ،زاہد قاسمی اور ان کے ساتھی نے عدالت کو لاعلم رکھتے ہوئے جعل سازی کی کوشش کی :قاری یونس شاہد
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان علماء کونسل کے ترجمان قاری محمد یونس شاہد نے کہا ہے کہ پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کی سربراہی میں الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ اور لاہور سول کورٹ اس پر حکم جاری کر چکی ہے کہ زاہد قاسمی پاکستان علماء کونسل کا نام بطور چیئرمین استعمال نہیں کر سکتے ، گذشتہ دنوں زاہد قاسمی اور اسکے ایک ساتھی حافظ امجد نے لاہور سول عدالت کے حکم سے فیصل آباد کی عدالت کو لاعلم رکھتے ہوئے جعل سازی کی کوشش کی ہے جس پر پاکستان علماء کونسل کی قانونی کمیٹی کاروائی کر رہی ہے اور اس جعل سازی کے خلاف بہت جلد عدالت سے امید رکھتے ہیں کہ وہ اپنا فیصلہ دے دے گی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان علماء کونسل کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ لاہور سول عدالت کے حکم اور الیکشن کمیشن میں رجسٹریشن کے بعد پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی ہیں اور پاکستان علماء کونسل کی مرکزی مجلس شوریٰ و عاملہ اور 11 اپریل کواسلام آباد میں ہونے والے 5000 ہزار سے زائد ذمہ داران نے زاہد قاسمی اور اس کے چار ساتھیوں کی پاکستان علماء کونسل کی رکنیت خارج کر دی ہے ، زاہد قاسمی کے بارے میں حکومتی اداروں کی طرف سے بھتہ خوری ،انتہاء پسند اور کالعدم تنظیموں سے روابط اور مساجد پر قبضوں کے الزامات تھے جو ثابت ہونے پر پاکستان علماء کونسل نے زاہد قاسمی اور اس کے چھ ساتھیوں کی رکنیت ختم کر دی ہے لہذا زاہد قاسمی اور اس کے کسی ساتھی کو پاکستان علماء کونسل کا نام استعمال کرنے کی قطعی اجازت نہیں ہے اور فیصل آباد کی عدالت میں جو جعل سازی کی گئی ہے اس پر پاکستان علماء کونسل قانونی کاروائی کر رہی ہے۔

