عوام نے ملک دشمنوں کے تمام عزائم ناکام بنا دیے،خرم نواز گنڈا پور
لاہور (ایجوکیشن رپورٹر)پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ پاکستان کے دشمنوں نے خودکش دھماکوں کے ذریعے انتخابی عمل روکنے، عوام کو خوفزدہ کرنے اور پاکستان کو بند گلی میں دھکیلنے کا جو خواب دیکھا تھا وہ پاکستان کے محب وطن اور جرأت مند عوام نے ناکام بنا دیا۔انہوں نے کہا کہ کسی خاص ایشو پر اداروں سے گلہ کرنا اور بات ہے مگر اداروں کو ڈس کریڈٹ کرنے کی کوشش کرنا ملک دشمنی ہے یہ دشمنی کوئی دشمن کرے یا اس کا آلہ کار عوام قبول نہیں کرینگے، خرم نواز گنڈاپور نے میاں شہباز شریف کے بیان کہ مینڈیٹ کا احترام نہ کر نے کی غلط روایت نہ ڈالی جائے پر کہا کہ چھانگا مانگا اور مینڈیٹ چرانے کے کلچر کے بانی یہ کہتے اچھے نہیں لگے۔انہوں نے مزید کہا کہ سابق شریف حکومت پاکستان کو عالمی ساہوکاروں کے پاس رہن رکھ کر رخصت ہوئی، بھاری قرضے کیوں لیے اور کہاں خرچ ہوئے؟ یہ جاننے کیلئے ایک ٹروتھ کمیشن بننا چاہیے اور نئی حکومت تمام حقائق قوم کے سامنے رکھے۔ انہوں نے کہا کہ 9 ہزار ارب کے قرضے، سالانہ 13سو ارب سود کی ادائیگی، سرکاری کارپوریشنز کا سالانہ 500 ارب خسارے، 550ارب روپے کے گردشی قرضے، روپے کی بے قدری کے پس پردہ کیا عوامل ہیں اس ضمن میں سابق مفرور وزیر خزانہ کو کٹہرے میں کھڑنا کرنا چاہیے اور ان سے باز پرس ہونی چاہیے۔
خرم گنڈا پور