تعلیمی اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کا فیصلہ ، سی ای او ز ایجوکیشن کی کانفرنس طلب

تعلیمی اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کا فیصلہ ، سی ای او ز ایجوکیشن کی ...

  



لاہور(حافظ عمران انور)محکمہ تعلیم سکول ایجوکیشن نے پنجاب بھر کے سرکاری تعلیمی اداروں کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے چیف ایگزیکٹو ایجوکیشن کانفرنس 7 اگست کو طلب کرلی ہے ۔پنجاب بھر کے 36اضلاع سے چیف ایگزیکٹو آفیسرزایجوکیشن ،سیکرٹری و سپیشل سیکرٹری سکول ایجوکیشن کانفرنس میں شرکت کریں گے۔کانفرنس قائداعظم اکیڈمی فار ایجوکیشنل ڈویلپمنٹ لاہور میں ہو گی۔ تفصیلات کے مطابق چیف ایگزیکٹو ایجوکیشن کانفرنس کی صدارت سیکرٹری سکول ایجوکیشن پنجاب ڈاکٹر امبرین رضا کریں گی۔سی ای او ایجوکیشن کانفرنس میں شرکت کو یقینی بنانے کے لئے محکمہ تعلیم نے تمام سی ای اوز ایجوکیشن پنجاب کو مراسلہ جاری کر دیا ہے ۔ مراسلے کے مطابق کانفرنس میں داخلہ مہم 2018 فیز2 کا جائزہ لیا جائے گا۔اور اس حوالے سے دئیے گئے اہداف اور حاصل کئے گئے اہداف کی جانچ پڑتال ہو گی ۔اساتذہ اور طلبہ کی سکولوں میں حاضری کی آن لائن ویری فکیشن کے لئے بنائی گئی ایپلیکیشن سکول انفارمیشن سسٹم کی کارکردگی کا جائزہ بھی ایجنڈے کا حصہ ہو گا ۔ کانفرنس میں مون سون کے حوالے سے حالیہ شروع کی گئی شجر کاری مہم کی کامیابی کے حوالے سے بھی بات ہو گی۔علاوہ ازیں سرکاری سکولوں میں ووکیشنل ٹریننگ کی کلاسز کا جائزہ بھی اس ایجنڈے کا حصہ ہو گا ۔سکولوں میں بک ریڈنگ کے فروغ اور ڈبل شفٹ میں چلنے والے سکولوں کی کارکردگی کو بھی پرکھا جائے گا ۔دریں اثنا کانفرنس میں اساتذہ کی ڈیپارٹمننٹل پرموشن اور بجٹ امور بھی زیر غور آئیں گے۔سکولوں میں ڈینگی مہم کی تازہ ترین صورتحال اور اس پر عمل درآمد کو بھی چیک کیا جائے گا۔پنجاب کے تمام سی ای اوز ایجوکیشن اپنے اپنے اضلاع کے سکولوں کی کارکردگی کی رپورٹ کانفرنس میں جمع کروائیں گے۔ایجوکیشن کانفرنس کے دیگر ایجنڈے میں گلی محلے کے چھوٹے بچوں کے لئے سیٹلائیٹ سکولز،اور بچوں کی سکولوں میں سو فیصد حاضری کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔علاوہ ازیں سکولوں کے حوالے سے عوام کی شکایات اور ان کے حل کے لئے ہاٹ لائن کو اپ ڈیٹ کرنے کے حوالے سے بھی غور ہوگا۔اس کے علاوہ کانفرنس میں پنجاب کے 10 اضلاع میں بچوں کی داخلہ مہم کی کارکردگی پر بھی بات ہو گی۔پنجاب کی تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کو بھیجے جانے والے مراسلے کے مطابق پنجاب کے 10 اضلاع میں بچوں کی کم ہوتی ہوئی تعداد کے پیش نظر ان اضلاع میں ترجیحی طور پر داخلہ مہم کو شروع کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں ۔مراسلے کے مطابق رحیم یار خان،ڈی جی خان،مظفر گڑھ،ملتان،بہاولپو،فیصل آباد، لاہور،ساہیوال، بہاولنگر اور خانیوال شامل ہیں۔محکمہ تعلیم سکول ایجوکیشن کی جانب سے بھیجے گئے مراسلے کے مطابق کانفرنس میں نئے بھرتی ہونے والے اساتذہ اور اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرز کی ٹریننگ کا شیڈول بھی زیر بحث آئے گا۔ اس کے علاوہ سکولوں میں کمپیوٹر اور سائنس لیبز اور سکولوں کے انتظامی امور میں بہتری کے لیے تجاویز پر بھی غور ہو گا۔کانفرنس کے ایجنڈے میں چھوٹے بچوں کو ابتدا سے تعلیم کی طرف راغب کرنے کے لئے سکولوں میں بنائے گئے ارلی چائلڈ رومز کا دائرہ کار پنجاب کے تمام اضلاع تک بڑھانے پر بھی بات ہو گی۔ علاوہ ازیں کانفرنس میں اینٹوں کے بھٹوں پر کام کرنے والے مزدوروں کے بچوں کو سکولوں میں لانے کے حوالے سے اقدامات اور ان کی مفت تعلیم پر بھی غور ہو گا۔

کانفرنس

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...