نئی حکومت ملک کو دہشتگردی اور بیروزگاری سے نجات دلائے گی : پیر منور حسین شاہ

نئی حکومت ملک کو دہشتگردی اور بیروزگاری سے نجات دلائے گی : پیر منور حسین شاہ

  



لاہور (سٹی رپورٹر) ختم نبوت الائنس کی جانب سے حالیہ انتخابات میں منتخب ہونے والے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے نو منتخب اراکین کو مبارکباد، امید ہے عوام کے ووٹوں سے اقتدار میں آنیوالے ان کے بنیادی حقوق کا بھرپور تحفظ کرینگے، ان خیالات کا اظہار سجادہ نشین و جانشین حضرت امیر ملت پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے ختم نبوت الائنس کے سپریم کونسل کے اجلاس سے برمنگھم (برطانیہ) سے ٹیلیفونک خطاب میں کیا۔ اجلاس میں پیر سید شفیق شاہ، صاحبزادہ عبدالحق اعوان، پیر مفتی امین الصابری، سید مظفر علی شاہ بخاری، صاحبزادہ سید محمد علی عثمان توکلی، صاحبزادہ سید محمد فاروق شاہ ایم ایس ایف رہنما عمران ویٹس و دیگر نے شرکت کی۔ پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ نئی حکومت ملک کو دہشت گردی، تشدد سے آزاد، محفوظ، مستحکم اور ترقی یافتہ بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی، ملک سے غربت کے خاتمے کیلئے چیئر مین پی ٹی آئی عمران خان کا وژن قابل تعریف ہے۔ انہوں نے مذید کہا کہ آنیوالی نئی حکومت گزشتہ حکمرانوں کے نقش قدم پر نہ چلے اور عقیدہ ختم نبوت کے حوالے سے پوری پاکستانی قوم میں پائے جانیوالے خدشات کا ازالہ کرے۔ عقیدۂ ختم نبوت اسلام کے بدیہی مسائل اور بنیادی عقائد سے تعلق رکھتا ہے جس کو تمام خاص و عام عالم و جاہل مسلمان ہی نہیں بلکہ غیر مسلم بھی جانتے ہیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پیر سید شفیق شاہ نے کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ آخری نبی ہیں، حضور نبی اکرم ﷺ کے بعد کسی بھی قسم کو کوئی نبوت باقی نہیں ہے، اسی پر تمام اُمت کا چودہ برس سے اجماع چلا آ رہا ہے۔ اجلاس کے اختتام میں پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے چیئر مین تحریک انصاف عمران خان، پی ٹی آئی اور ملک میں بننے والی نئی حکومت کیلئے خصوصی دعائیں کیں۔

پیر منور

مزید : میٹروپولیٹن 1