راناٹنگا اور اروندا ڈی سلوا کا میچ فکسنگ الزامات سے انکار

راناٹنگا اور اروندا ڈی سلوا کا میچ فکسنگ الزامات سے انکار

  



کولمبو(یواین پی)سابق سری لنکن کپتان ارجنا رانا ٹنگا اور عالمی کپ 1996کی فاتح ا?ئی لینڈر ٹیم میں ان کے ساتھی بیٹسمین اروندا ڈی سلوا نے میچ فکسنگ الزامات سے انکار کردیا ہے جو کرکٹ سری لنکا کے سابق چیف تھیلنگا سماتھی پالا نے ان پر عائد کئے تھے۔ واضح رہے کہ دونوں کھلاڑیوں پر الزام لگایا گیا کہ انہوں نے 1994میں لکھنو ٹیسٹ میں شکست کیلئے ایک بھارتی سٹے باز گپتا سے پندرہ ہزار ڈالرز وصول کئے تھے۔گزشتہ روز ارجنا رانا ٹنگا اور اروندا ڈی سلوا نے کولمبو میں پریس کانفرنس کے دوران واضح الفاظ میں کہا کہ انہوں نے کسی سے رشوت وصول کی اور نہ کبھی میچوں کو فکسڈ کرنے کی کوشش کی کیونکہ انہوں نے ہمیشہ کھیل میں ایمانداری کو پیش نظر رکھا۔ ارجنا رانا ٹنگا کا کہنا تھا کہ اگر وہ میچ فکسنگ میں ملوث تھے تو تھیلنگا سماتھی پالا نے انہیں اپنی کرکٹ کمیٹی میں کیوں شامل کیا تھا۔ واضح رہے کہ تھیلنگا سماتھی پالا نے جس میچ کا تذکرہ کیا اس میں سری لنکا کو ایک اننگز کے فرق سے شکست ہوئی تھی لیکن اروندا ڈی سلوا کا کہنا تھا کہ وہ ان الزامات کو سنجیدہ طور پر نہیں دیکھتے۔

کیونکہ دو ہزار ایک میں ڈیسمنڈ فرنینڈو کی سربراہی میں قائم تحقیقاتی کمیٹی انہیں بدعنوانی کے الزامات سے کلیئر کرچکی ہے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی