کار چوری کی وارداتوں میں ملوث بلوکارچور گینگ کے سرغنہ سمیت 3ملزم گرفتار
لا ہور (کر ائم رپو رٹر) اینٹی وہیکل لفٹنگ سٹاف صدر ڈویژن نے کارچوری کی وارداتوں میں ملوث امان اللہ عرف بلو کار چو ر گینگ کے سرغنہ سمیت 3ملزموں کو گرفتار کر کے اس کی نشاندہی پر 8 گاڑیاں اورایک موٹر سائیکل برآمد کرلی ہیں جن کی کل مالیت 92لاکھ روپے ہے ۔تفصیلات کے مطابق ایس پی انٹی وہیکلز صدر ڈویژن عاطف حیات نے ڈی ایس پی انٹی وہیکلز سٹاف ظفر جاوید ملک کی سربراہی میں اینٹی وہیکل لفٹنگ سٹاف صدر ڈویژن محمد عباس اور دیگر اہلکاروں پر مشتمل پولیس ٹیم تشکیل دی جس نے کارچوری کی درجنوں وارداتوں میں ملوث امان اللہ ولد علی اوراس کے دو ساتھی محمد ندیم ولد احمد علی اور محمد سلمان ولد محمد معشوق کوگرفتار کر کے ان سے92 لاکھ روپے مالیت کی چوری شدہ08عدد کاریں اورایک موٹرسائیکل برآمد کر لی ہیں۔ ملزم اپنے طریقہ واردات میں تجارتی مراکز پلازوں، گھروں اور پارکنگ اسٹینڈز کے باہر کھڑی کاروں کو ماسٹر کیز کے ذریعے کھول کرفرار ہو جاتا تھے اور پشاور جاکر اونے پونے دام میں بیچ دیتے تھے۔ یہ ملزمان سابقہ ریکارڈ یافتہ ہیں اور اس سے قبل بھی کار چوری کے مقدمات میں کئی مرتبہ جیل جا چکے ہیں جو رہا ہوتے ہی دوبارہ وارداتیں شروع کر دیتے تھے۔ دوران تفتیش ملزموں نے تھانہ اچھرہ،ستوکتلہ،جوہر ٹاؤن،سمن آباد،ٹاؤن شپ،اقبا ل ٹاؤن ، اسلام پورہ، گرین ٹاؤن،گلشن اقبال،نواب ٹاؤن، اور سمن آبادکے تھانوں کی حدود سے کار چوری کی درجنوں مزیدوارداتوں کا انکشاف کیا ہے۔