نصاب تعلیم کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کرنا وقت کی ضرورت ہے، پروفیسر نیاز احمد

نصاب تعلیم کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کرنا وقت کی ضرورت ہے، پروفیسر نیاز احمد

  



لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر نیاز احمد نے کہا ہے کہ ملک اور معاشرے کی ترقی کے لئے ہمیں اساتذہ، طلباء اور نصاب کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانا ہو گا وہ کوئین میری کالج کے چوبیسویں سالانہ کانووکیشن سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں پرنسپل کوئین میری کالج پروفیسرڈاکٹر عرفانہ مریم، کالج کے اساتذہ اور طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر نیاز احمد نے کہا کہ خواتین کی تعلیم مردوں سے زیادہ اہم ہے کیونکہ ایک ماں اگر تعلیم یافتہ ہو تو ایک مہذب معاشرے کی تشکیل دی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے ہائر ایجوکیشن کے شعبہ میں صرف 35 فیصد اساتذہ پی ایچ ڈی ہیں جبکہ یہ تعداد 100 فیصدہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف باتیں کرنے والے دیکھ لیں کہ آج کا پاکستان پہلے کے پاکستان سے زیادہ مضبوط ہے۔ انہوں نے طلباء کو نصیحت کی کہ وہ محنت کر کے اپنے مضمون میں مہارت حاصل کریں اور اپنے اندر کردار کی خصوصیات پیدا کریں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر عرفانہ مریم نے کہا کہ سماجی و انفرادی ترقی میں تعلیمی پالیسیوں کا اہم کردار ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم ایک محفوظ ، صحت مند اور خوشحال دنیا قائم کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے کالج کی سالانہ کارکردگی کی تفصیلی رپورٹ بھی پیش کی۔ کانوکیشن میں کامیابی حاصل کرنے والی 27 طالبات میں گولڈ میڈل، 9 طالبات میں سلور میڈل اور 27 طالبات میں رول آف آنر ز تقسیم کئے گئے۔ جبکہ مختلف پروگرامز میں کامیابی حاصل کرنے والی 1500 طالبات کو ڈگریوں سے نوازا گیا۔

مزید : میٹروپولیٹن 4


loading...