شاہ محمود وزیر اعلٰی پنجاب کیلئے نامزد گی پر بضد ، عمران خان ذہنی دباؤ کا شکار

شاہ محمود وزیر اعلٰی پنجاب کیلئے نامزد گی پر بضد ، عمران خان ذہنی دباؤ کا ...

  



لاہور( شہزاد ملک سے) تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ انہیں ابھی سے پارٹی کا مستقل وزیراعلی پنجاب کا امیدوار نامزد کردیں جب وہ ایم پی اے کا ضمنی الیکشن جیت جائیں تو پھر انہیں وزیراعلی بنا دیا جائے اور تب تک کسی کو بھی عارضی طور پر وزیراعلی بنا دیا جائے اس پر مجھے کوئی اعتراض نہیں ہو گا لیکن اگر مجھے وزیراعلی پنجاب نامزد نہ کیا گیا تو پھر میں حکومت میں کوئی بھی دوسرا عہدہ قبول نہیں کروں گا ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے اس مطالبے کی وجہ سے اس وقت چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سخت ذہنی دباؤ کا شکار ہیں اور وہ یہ نہیں چاہتے ہیں کہ کسی بھی قیمت پر مخدوم شاہ محمود قریشی کو ناراض کیا جائے کیونکہ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ ان کا سیاسی قد کاٹھ بڑا ہے اور وہ اس وقت سے پی ٹی آئی کے ساتھ چلتے آ رہے ہیں جب پی ٹی آئی ایک بھرپور احتجاجی تحریک چلا رہی تھی اور اس وجہ سے ان پر مقدمات بھی بنائے گئے ۔دوسری طرف پی ٹی آئی کے ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ آئندہ کچھ ہفتوں کے بعد پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری جنرل جہانگیر خان ترین کی نااہلی کی اپیل کی سماعت ہے اور قوی امکان ہے کہ وہ اس اپیل میں ناہلی کی تلوار سے باہر آ جائیں گے اور پھر وہ ضمنی الیکشن لڑ کر اسمبلی آئیں گے تو انہیں پنجاب کا وزیراعلی بنا دیا جائے گا ۔ذرائع کا یہ کہنا ہے کہ اس وقت بھی مخدوم شاہ محمود قریشی اور جہانگیر خان ترین کی دھڑے بندی عروج پر ہے اور گزشتہ دنوں جہانگیر ترین کی جانب سے مخدوم شاہ محمود قریشی کو شکست دینے والے آزاد ایم پی اے سلمان نعیم کو پی ٹی آئی میں شامل کرنے کے بعد وہ جہانگیر ترین کے خلاف کھل کر آگئے ہیں یہ الگ بات ہے کہ میڈیا پر وہ کھل کر تنقید نہیں کررہے لیکن اندرون خانہ پارٹی کے اجلاسون میں وہ ان پر کھل کر تنقید کررہے ہیں ۔ذرائع کا یہ بھی دعوی ہے کہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے آزاد ارکان کو پی ٹی آئی میں شامل کرنے پر بھی اعتراض کیا ہے اور جس طریقے سے انہیں شامل کروایا جارہا ہے اس کو ناپسند قرار دیا ہے اور ان کا یہ کہنا ہے کہ آزاد کی بجائے پارٹیوں سے اتحاد کرکے ان کے حصے کے مطابق انہیں حکومت میں نمائندگی دیدی جائے ۔

شاہ محمود قریشی

مزید : صفحہ اول