این اے 131 ، دوبارہ گنتی کی درخواست پر عمران خان اورالیکشن کمیشن کو نوٹس

این اے 131 ، دوبارہ گنتی کی درخواست پر عمران خان اورالیکشن کمیشن کو نوٹس

  



لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ نے حلقہ این اے 131 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے لئے خواجہ سعد رفیق کی طرف سے دائر درخواست پر عمران خان الیکشن کمیشن اور دیگر مدعاعلیہان کو آج 2اگست کے لئے نوٹس جاری کر دئیے ہیں۔مسلم لیگ (ن) کے راہنما خواجہ سعد رفیق کی طرف سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ حلقہ این اے 131 میں پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے 680 ووٹوں کی برتری حاصل کی تاہم عمران خان کی کامیابی کے بعد ریٹرننگ افسر کو دوبارہ گنتی کی درخواست دی ، ریٹرننگ افسر نے مسترد ووٹوں کی جانچ پڑتال کے بعد ووٹوں کی برتری 680 سے کم کر کے 605 کر دی اور عمران خان کو حلقے سے دوبارہ فاتح قرار دے دیا ۔درخواست گزار کے وکیل نے نشاندہی کی کہ ریٹرننگ افسر نے درخواست گزار خواجہ سعد رفیق کی دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد کر دی اور حلقہ این اے 131 سے عمران خان کی فتح کو ختمی فیصلہ قرار دے دیا ۔وکیل نے قانونی نکتہ اٹھایا کہ ریٹرننگ افسر نے حلقے میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا مطالبہ رد کر کے درخواست گزار کے بنیادی حقوق سلب کئے، وکیل نے دعویٰ کیا کہ کم مارجن سے عمران خان کی فتح پر دوبارہ ووٹوں کی گنتی کا مطالبہ جائز اور قانون کے مطابق ہے ۔وکیل نے استدعا کی کہ ریٹرننگ افسر کا درخواست مسترد کرنے سے متعلق فیصلہ کالعدم قرار دے کر حلقہ این اے 131 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم جاری کیا جائے۔جسٹس مامون رشید شیخ نے درخواست گزار کے وکیل کے دلائل سننے کے بعد عمران خان ،الیکشن کمشن ،ریٹرننگ افسر اور دیگر مدعاعلیہان کو آج 2اگست کے لئے نوٹس جاری کر دئیے ہیں۔

این اے 131

مزید : صفحہ آخر


loading...